• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم ’’مالک‘‘ کی بیرون ملک برآمد پرپابندی عائد

اسلام آباد (مہتاب حیدر) حکومت نے منگل کو فلم ’’مالک‘‘ کی بیرون ملک برآمد پر فوری طور پر پابندی عائد کرتے ہوئے ایف بی آر کو ان احکامات کی سختی سے تعمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزارت تجارت کے ترجمان اور سینئر افسر اشرف خان نے منگل کی شب اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حکومت نے وزارت اطلاعات و نشریات کی درخواست پراس فلم کی برآمد پر پابندی عائد کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت اطلاعات کا موقف ہے کہ اس فلم میں سیاست دانوں کو بدنام کیا گیا ہے جبکہ اس فلم کو ملک سے باہر چلانے کا بھی پلان بنایا گیا تھا۔ اس فلم کے ڈائریکٹر عاشر عظیم رواں ماہ کے آخر میں اس فلم کی بیرون ملک نمائش کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ قبل ازیں وزارت نے اس فلم کی پاکستان کے اندر نمائش کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ یہ نوٹیفکیشن وزارت اطلاعات و نشریات نے جاری کیا تھا جسے ایکشن پکچرز آرڈیننس 1979ء کے سیکشن 9 کے مطابق غیرمصدّقہ قرار دیا گیا تھا۔ فلم ’’مالک‘‘ پر پابندی کی وجہ یہ تھی کہ اس فلم میں ایک سابق وزیراعلیٰ کو کرپٹ اور عیاش ظاہر کیا گیا تھا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی فلم پر ملک کے اندرپابندی عائد کی گئی ہو اور اس کی بیرون ملک برآمد پر بھی فوری طور پر پابندی لگادی گئی ہو۔
تازہ ترین