• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوکے اوپن چیمپئن شپ پاکستانی طلبا ء نے اپنے نام کر لی


برطانیہ میں منعقد ہونے والی ورلڈ میموری اسپورٹس کونسل کے زیر اہتمام 2019 کی ’یو کے اوپن چیمپئن شپ‘ انسٹیٹیوٹ آف ہیومن میموری ڈیویلپمنٹ www.ihmd.co  پاکستان کےطلباء نے اپنے نام کر لی۔

پاکستانی طلباء کو انسٹیٹیوٹ آف ہیومن میموری ڈیویلپمنٹ نے تربیت دی جبکہ طلباء کے دورۂ برطانیہ کو کنسلٹنٹس فار اور فیوچر ورلڈ پرائیوٹ لمیٹڈ www.cofw.co نے اسپانسر کیا۔

لندن میں منعقد ہونے والے مقابلے اسپیڈ ریڈنگ، مائنڈ میپنگ اور میموری ڈیویلپمنٹ پر مشتمل تھے جس میں پاکستان سمیت 13 ممالک کے طلباء نے حصہ لیا۔

ان مقابلوں میں پاکستانی ٹیم نے 3 گولڈ، 2سلور اور ایک برونز میڈل جیت کر چیمپئن شپ میں شاندار کامیابی حاصل کی ۔

پاکستانی ٹیم کی کساء زہرا نے مقابلے میں گولڈ میڈل اور سلور میڈل کے ساتھ ساتھ گولڈ پوزیشن بھی حاصل کی جبکہ نبیل حسن یوکے اوپن جونیئر چیمپئن 2019 قرار پائے۔

مقابلے میں پاکستان میں سپر لرننگ ایکسپرٹ ثنیہ عالم نے بھی شاندار کارکر دگی دکھاتے ہوئے لیول 3آربیٹرحاصل کر لیا۔ بین الاقوامی سطح پر اس طرح کامیابی حاصل کرنا پاکستان کیلئے لمحۂ فخریہ ہے۔

پاکستان کا تعلیمی نظام پرانے طرز پرچل رہا ہے جس میں ٹیچرز کو دو تین کتابیں دیدی جاتی ہیں اور معینہ وقت میں انہیں بچوں کو سلیبس مکمل کروانا ہو تا ہے۔ سال بھر میں طلباء کو یہ پو را سلیبس رٹنا ہو تا ہے اور اسی کاامتحان پاس کر کے نئی کلاس میں بھیج دیا جاتا ہے۔

اس کے برعکس اب دنیا کے مختلف ممالک میں ذہنی تدریس پر مشتمل ان مقابلوں کو مقبولیت حاصل ہوتی جا رہی ہے جس میں طلباء ذہنی نشوونما اور اپنی صلاحیتوں سے دنیا بھر میں اپنا نام روشن کر سکتے ہیں۔

انسٹیٹیوٹ آف ہیومن میموری ڈویلپمنٹ پاکستان کا قیام چند برس قبل عمل میں آیا اور اب یہ ادارہ کامیابی سے ایسےہی طلباء کی تربیت میں مصروف عمل ہے ۔

یوکے اوپن چیمپئن شپ مقابلوں کی خصوصیات

اسپیڈ ریڈنگ:

ایک منٹ میں زیادہ سے زیادہ الفاظ پڑھنا اسپیڈ ریڈنگ کہلاتی ہے۔ پاکستانی طرز تدریس میں جہاں ایک سال میں کتاب کا رٹا لگانا ہے وہیں اسپیڈریڈنگ مقابلے میں ایک کتاب چند گھنٹوں میں پڑھ کر امتحان پاس کر نا ہو تا ہے۔اس ٹیکنیک کےذریعے طلباء اپنے کئی اکیڈمی سال بچا سکتے ہیں۔

مائنڈ میپنگ:

مائنڈ میپنگ اپنے خیالات کو جامع اور مؤثر انداز میں پیش کر نے کا ذریعہ ہے۔ اس ٹیکنیک کا استعمال کرنے پرذہنی قوت اور تخلیقی صلاحتیوں میں زبردست اضافہ ہوتا ہے۔

اس کے ذریعے طلباء کی یادداشت میں بے پناہ اضافہ ہوجاتا ہے اسکے علاوہ وہ بڑے سے بڑے سبق کوکوزےمیںبند کرلینے کا اہل ہوجاتا ہے جس سے سبق کو کم وقت میں یاد کرنے کی صلاحیت پیدا ہوجاتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ طلباء کو غور و فکر اور تدبر کرنے کی عادت پڑتی ہے جو اسکی تخلیقی صلاحیت کو جلا بخشتا ہے۔

میموری ڈیویلپمنٹ:

انسان کی یادداشت خود کو ، دنیا کو، اور اپنے پیاروں کو سمجھنے اور یاد رکھنےکی صلاحیت رکھتی ہے،آج کی دنیاکی ترقی معلومات کی بنیاد پر ہے، چاہے طلباء ہوں یا پیشہ ورانہ افراد اپنی یادداشت کے ذریعے ہی ترقی کی منازل طے کرتے ہیں۔