مہنگائی، ہر طبقے کے چودہ طبق روشن،عوام کا غصہ عروج پر، تجزیہ کار

October 19, 2021


(ٹی وی رپورٹ)جیو کے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہاکہ تسلیم کرتاہوں مہنگائی بالکل ہے مگر اس میں قصور کسی وزیر کا نہیں حالات کا ہے،صدر ایف پی سی سی آئی میاں ناصر حیات مگوں کا کہنا تھا کہ اگر دنیا میں مہنگائی کا طوفان آیا ہے تو ٹھیک ہے ہم اس کو کنٹرول نہیں کرسکتے لیکن کم از کم ہم پاکستان میں اپنے معاملات کو تو ٹھیک کرسکتے ہیں،میزبان نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر جاپہنچی ہے مہنگائی کے طوفان نے متوسط طبقہ کیا ہر طبقے کے ہی چودہ طبق روشن کردیئے ہیں ۔ عوام کا غصہ عروج پر ہے کمر توڑ مہنگائی نے شہریوں کی چیخیں نکال دی ہیں ، مہنگائی کے نہ تھمنے والے طوفان پر گفتگو کرتے ہوئے میزبان عبداللہ سلطان اور ہما امیر شاہ کا کہنا تھا کہ اب تو عوام کو ماضی کے عمران خان کے بیانات شدت سے یاد آرہے ہیں جب وہ کہا کرتے تھے کہ مہنگائی بڑھ جائے تو سمجھ لینا حکمران کرپٹ ہے ۔رہنما پاکستان تحریک انصاف صداقت علی عباسی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی سابق حکمرانوں کی کرپشن اور خساروں کی وجہ سے ہمیں قرضے لینا پڑے تو ان قرضوں کا بوجھ اب بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا پوری دنیا میں ہی کورونا کی وجہ سے کھانے پینے کی اشیاء مہنگی ترین ہوگئی ہیں ہمیں تیل سمیت بہت ساری چیزیں امپورٹ کرنا پڑرہی ہے اور جب باہر مہنگائی ہوگی تو اس کے اثرات اپنے ملک میں بھی پڑیں گے اور اس کو روکا نہیں جاسکے گا ۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ پاکستان میں واقعی پیٹرول بہت مہنگا ہوگیا ہے مگر دنیا کے مقابلے میں ابھی بھی سستا ہے ۔انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ مہنگائی بالکل ہے مگر اس میں قصور کسی وزیر کا نہیں حالات کا ہے ۔