PDM نے مہنگائی کے خلاف کل سے احتجاج، ریلیوں کا اعلان کردیا

October 19, 2021

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) نے کل سے ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاج اور ریلیوں کا اعلان کر دیا ہے۔

اپوزیشن اتحاد نے ایک بار پھر انتخابی اصلاحات کیلئے مجوزہ ترامیم کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دھاندلی کے ذریعے آنے والی حکومت کو شفاف انتخابات کیلئے فارمولا یا قانون دینے کا کوئی حق نہیں۔

موجودہ حکومت کی نگرانی میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا کوئی جواز نہیں،فوری عام انتخابات کرائے جائیں، 20 اکتوبر سے پاکستان ریلیوں اور مظاہروں کا آغاز ہو جائیگا، مہنگائی کیخلاف تحریک کی پی ڈی ایم مکمل قیادت کریگی اور عوام کے شانہ بشانہ رہے گی، پہیہ جام ہڑتالیں ہونگی، لانگ مارچ تک معاملات جائینگے۔

پیر کو پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس مولانا فضل الرحمن کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں سابق وزیر اعظم نوازشریف، شہباز شریف، اختر مینگل ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے بتایاکہ گزشتہ روز ہنگامی پریس کانفرنس میں اعلان کیا گیاکہ مہنگائی کیخلاف 20؍ اکتوبر سے پورے ملک میں مظاہرے شروع کر دیئے جائیں گے۔

سربراہی اجلاس میں اس اعلان کی توثیق کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کیخلاف پورے ملک کے صوبائی اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں بیس اکتوبر سے ریلیاں اور مظاہرے شروع ہو جائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ اجلاس میں نیب ترمیمی آر ڈیننس کو مکمل طورپر مسترد کر دیا گیا ہے، نیب کا ادارہ ہی آمریت کی باقیات میں سے ہے اور ہمیشہ مخالفین اور حزب اختلاف کیخلاف سیاسی انتقال کے طور پر استعمال ہوا ہے اس ادارے سے احتساب کی کوئی توقع نہیں ہے۔