27 اپریل سندھ کی پارلیمانی تاریخ کا بہت اہم دن ہے: مراد علی شاہ

April 27, 2024

--- فائل فوٹو

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ آج (27 اپریل) سندھ کی پارلیمانی تاریخ کا بہت اہم دن ہے۔ سندھ اسمبلی کے قیام کے نتیجہ میں پاکستان کا قیام ممکن ہوا۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ عبد الرشید چنا کا کہنا ہے کہ 27 اپریل 1937 کو سندھ اسمبلی کا سب سے پہلا اجلاس منعقد ہوا تھا۔

صوبائی وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ بمبئی سے علیحدگی کے بعد سندھ ایک اسٹیٹ کے طور پر وجود میں آیا، قانون ساز اسمبلی کے قیام سے سندھ میں جمہوری و پارلیمانی سیاست کی ابتداء ہوئی۔

ان کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی کے قیام کے نتیجہ میں پاکستان کا قیام ممکن ہوا، پیپلز پارٹی جمہوری روایات کو قائم رکھنے کے لیے کام کررہی ہے، جمہوری اداروں کی مضبوطی کے لیے پیپلز پارٹی نے قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سندھ کے عوام کی جمہوریت کے لیے دی گئی قربانیوں کو رائیگاں ہونے نہیں دیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے آج کے دن کے موقع پر اراکین اسمبلی، سندھ کے عوام اور دنیا بھر کے جمہوری اداروں کو مبارک باد بھی پیش کی۔