عشرت العباد ملکی سیاست میں کردار ادا کریں: سابق MQM رہنما

October 19, 2021

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سابق رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سابق گورنر سندھ عشرت العباد کو ملک کی سیاست میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔

ایم کیو ایم کے سابق رہنماؤں نے سابق گورنر سندھ عشرت العباد کو ملکی سیاست میں خوش آمدید کہہ دیا۔

ڈاکٹر صغیر، وسیم آفتاب، سلیم تاجک اور سیف یار خان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ کراچی کے حالات اور ملکی بحران میں عشرت العباد کے سب کو مل کر کام کرنے کے بیان کو قدر و تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ کراچی کے حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ آپس کے اختلاف بھلا کر ایک ہو کر ملک و شہر کی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈالا جائے۔

سابق ایم کیو ایم رہنماؤں کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈاکٹر عشرت العباد نے تمام شعبۂ زندگی کے نمائندوں کو مکمل ہم آہنگی کے ساتھ یکجا رکھا تھا۔