ٹی20 ورلڈکپ: نیدرلینڈز کا نمیبیا کو جیت کیلئے 165 رنز کا ہدف

October 20, 2021

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021ء کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے ساتویں میچ میں نیدرلینڈز نے نمیبیا کو جیت کے لیے 165 رنز کا ہدف دے دیا۔

نمیبیا کے کپتان نے ٹاس جیت کر نیدرلینڈز کو بیٹنگ کی دعوت دی اور اس موقع کا نیدرلینڈز کے اوپنر میکس او ڈاؤڈ نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔

میکس او ڈاؤڈ نے 70 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو بڑے اسکور تک لے جانے کی بنیاد رکھی۔

ان کے علاوہ کولن ایکرمین کے 35 اور اسکاٹ ایڈورڈ کے 21 رنز کی بدولت نیدرلینڈز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔

خیال رہے کہ عالمی ایونٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں نمیبیا اور نیدرلینڈز نے اب تک ایک ایک میچ کھیل لیا ہے جس میں دونوں کو ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

نمیبیا کو سری لنکا اور نیدرلینڈز کو آئرلینڈ نے شکست دی تھی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 16 ٹیمیں شریک ہیں اور عالمی کپ دو مرحلوں میں کھیلا جارہا ہے، پہلے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے جس میں 8 ٹیمیں مدمقابل ہیں۔

گروپ اے میں سری لنکا، آئرلینڈ، نیدرلینڈز اور نمیبیا شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں بنگلادیش، اسکاٹ لینڈ، پاپوانیوگنی اور میزبان عمان شامل ہے، دونوں گروپ سے ٹاپ ٹو ٹیمیں سپر 12 کے لئے کوالیفائی کریں گی۔

سپر 12 کے گروپ 1 اور گروپ 2 میں پہلے سے 8 ٹیمیں موجود ہیں جس میں گروپ 1 میں انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ گروپ 2 میں پاکستان کے ساتھ بھارت، نیوزی لینڈ اور افغانستان شامل ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 کے مقابلے 23 اکتوبر سے شروع ہوں گے جس میں پہلا میچ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔