ای یو ریاستوں کی جانب سے 591 ملین ڈیجیٹل سرٹیفکیٹس کا اجرأ

October 21, 2021

برسلز( نمائندہ جنگ) یورپین یونین کی ممبر ریاستوں نے 591 ملین ای یو ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ جاری کیے ہیں جو اس وقت دنیا کے 4 بر اعظموں کے 43 ممالک میں قابل قبول ہیں۔ یہ بات کوویڈ-19 ڈیجیٹل سرٹیفیکیٹ اور اس کے یورپین یونین میں نفاذ کےحوالے سے یورپین کمیشن کو پیش کی جانے والی ایک رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔ یورپین کمیشن کے مطابق رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ یورپین یونین کا کوویڈ-19سرٹیفکیٹوبائی امراض کے جواب میں ایک اہم عنصر رہا ہے۔ اس سرٹیفکیٹ میں متعلقہ شخص کی ویکسی نیشن، ٹیسٹ اور بیماری سے صحتیابی کی صورت میں تمام معلومات ایک ہی جگہ فراہم کی گئی ہیں۔ کمیشن کے مطابق یہ سرٹیفکیٹنہ صرف شہریوں کیلئے محفوظ سفر کی سہولت فراہم کرتا ہے بلکہ یہ یورپ کی سخت متاثرہ سیاحت کی صنعت کی مدد کیلئے بھی کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ یورپین کمیشن کے مطابق یہ واحد نظام ہے جس میں دنیا کے 4 براعظموں کے 43 ممالک شامل ہیں اور جس نے بین الاقوامی سطح پر ایک معیار قائم کیا ہے ۔ کمیشن نے امید ظاہرکی ہے کہ آنے والے دنوں اور ہفتوں میں دیگر ممالک بھی اس نظام میں شمولیت اختیار کر لیں گے۔ دوسری جانب دی ایسوسی ایشن آف ائیر پورٹس کونسل انٹرنیشنل نے اس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے بروقت قرار دیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق جولائی 2021 میں گذشتہ سال کے مقابلے میں ائیر پورٹس پر مسافروں کی موجودگی دو گنا ہو چکی ہے۔ اس حوالے سے یورپین پارلیمنٹ کی جانب سے کیے جانے والے ایک سروے میں 65 % شرکاء نے خیال ظاہر کیا کہ یہ سرٹیفیکیٹ یورپ میں آزادانہ محفوظ سفر کیلئے ایک اہم ذریعہ ہے۔