بھارتی گجرات میں 70سالہ خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش، ڈاکٹر حیران

October 21, 2021

نئی دہلی (جنگ نیوز )بھارتی ریاست گجرات کے قصبے مورا میں 70سالہ خاتون "جیونبن رابری" کے ہاں مصنوعی حمل کاری کے ذریعے پیر کو بچے کی پیدائش ہوئی جس نے ڈاکٹروں کو حیران کر دیا۔

مذکورہ خاتون کی 25برس کی عمر میں شادی ہوئی تھی جس کے بعد 45برس سے وہ ماں بننے کا خواب دیکھ رہی تھی۔ یہاں تک کہ ڈاکٹروں نے بھی تمام کوششیں چھوڑ دی تھیں۔

مصنوعی حمل کاری میں مدد دینے والے ڈاکٹر نے میڈیا کو بتایا کہ رابری اپنے شوہر کے ساتھ آئی تھی جو اس سے عمر میں 5 برس بڑا ہے۔

ڈاکٹر نے دونوں کو بتایا کہ ان کے ہاں اس عمر میں اولاد کا ہونا ممکن نہیں ہے تاہم رابری نے اصرار کیا۔

اس نے ڈاکٹر کو بتایا کہ اس کے خاندان میں کئی لوگوں نے کوشش کی اور ان کے ہاں اولاد کی پیدائش بھی ہو گئی۔

آخر کار رابری کے ہاں بھی مصنوعی حمل کاری کا طریقہ کامیاب رہا۔ ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ یہ کیس اس کی زندگی کا نادر ترین کیس ہے۔