نبی کریم ؐ کی سیرت کواپنا کرکامیابی حاصل کی جاسکتی ہے،قومی سیرت کانفرنس

October 22, 2021

لاہور(خبر نگار)پنجاب یونیورسٹی ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز کے زیر اہتمام شیخ زائد اسلامک سنٹر کے آڈیٹوریم میں قومی سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاہے کہ نبی کریم ؐ کی سیرت کواپنا ہی کر ہی دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد حماد لکھوی، ڈاکٹر محسن نقوی، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، ڈاکٹر محمد سعد صدیقی، ڈاکٹر محمد خالد خان، پروفیسرڈاکٹر ممتازانور چوہدری، ڈاکٹر اشتیاق گوندل، ڈاکٹر محمد شفیق،فیکلٹی ممبران اور طلباؤ طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈاکٹر محمد حماد لکھوی نے کہا کہ بطور امتی نبی کریم ؐ کا ذکر بلند کرنے کے ساتھ اس پر عمل پیرا ہونا ضروری ہے اور دنیا اور آخرت کی کامیابی بھی اسی میں ہے۔ ڈاکٹر محسن نقوی نے کہا کہ عقائد کی درستگی کے لیے نبی کریم ؐ کی سیرت کا مطالعہ بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کی تربیت اور مرتبے کے لیے علم کا نزول کیا۔ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ نبی کریم ؐکی تعلیمات نے عرب کے صحراؤں میں بہترین معاشی نظام کا نفاذ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پیسہ کمانے کیلئے حلال اور حرام کا خیال رکھنا چاہیے۔ ڈاکٹر محمد سعد صدیقی نے کہا کہ عقیدہ توحیدکے بغیر کوئی شخص مسلمان نہیں ہو سکتا۔ اشتیاق احمد گوندل نے کہا کہ نبی کریم ؐ تمام انسانوں کے لیے رحمت ہیں آپ نے محبت سے رہنے کا درس دیا ۔پروفیسر ڈاکٹر محمد شفیق نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔