انگلش اسپنر کا جادو، دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز چاروں خانے چت، چھ وکٹ سے شکست

October 24, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر12مرحلے کے پہلے دن ویسٹ انڈین ٹیم ایونٹ کی تاریخ میں تیسرے کم ترین اسکور55 رنز پر آئوٹ ہوئی۔ اسے گذشتہ ورلڈ کپ کی فائنلسٹ اور عالمی نمبر ایک انگلینڈ کے ہاتھوں چھ وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ ویسٹ انڈین بیٹنگ دبئی اسٹیڈیم میں انگلش اسپنرز کے جادو کے سامنے چاروں خانے چت ہوئی ۔ اسی پچ پر اتوار کی شام پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ پچ اسپنرز کے لئے سازگار دکھائی دے رہی ہے۔ ہفتے کی شب دبئی میں انگلش ٹیم نے اپنی مہم کا پر اعتماد آغاز کیا اورہدف چار وکٹ کے نقصان پر70گیندیں پہلے عبور کر لیا۔ ویسٹ انڈیز کی اننگز میں کرس گیل کے13رنز کے علاوہ کوئی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔ آف اسپنر معین علی نے چار اوورز میں17رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اوئن مورگن کی جانب سے معین علی کو پہلا اوور دینا کا فیصلہ درست ثابت ہوا اور انھوں نے ایک ساتھ چار اوورز کا اسپیل کرایا جس کے خاتمے تک 33 پر ویسٹ انڈیز کے چار کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے ۔ لیگ اسپنر عادل راشد نے14گیندوں کے اسپیل میں دو رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ دفاعی چیمپئن ٹیم 15 اوورز میں صرف 55 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی ۔ ٹائمل ملز نے 2، کرس جورڈن اور کرس ووکس نے ایک ایک وکٹ لی۔ 56 رنز کا ہدف انگلینڈ نے 4 وکٹ پر 9ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ جوز بٹلر22گیندوں پر24رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ عقیل حسین نے24رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ مجموعی طور پر14میں سے8وکٹ اسپنرز نے حاصل کئے۔قبل ازیں سپر12مرحلے کے افتتاحی میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کوپانچ وکٹ سے شکست دی۔ ہفتے کو ابوظبی میں پروٹیز پہلے کھیلتے ہوئے 9وکٹ پر118 رنز بناسکے۔ کینگروز نے ہدف دو گیندیں پہلے عبور کرلیا۔ فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے چار اوورز میں19رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے وہ پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ مچل اسٹارک نے دو جبکہ گلین میکسویل اور پیٹ کمنز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بولنگ کو ترجیح دی تھی۔ ایڈن مارکرام 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ اختتامی لمحات میں کگیسو ربادا نے 20 اہم رنز جوڑ کر ٹوٹل 118 تک پہنچایا۔ آسٹریلیا کی جانب سے اسٹیو اسمتھ کے 35اور مارکس اسٹوئنس کے24 نے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ جنوبی افریقا کی جانب سے اینرک نورکیا نے 2 جبکہ کگیسو رابادا، کیشو مہاراج اور تبریز شمسی نے ایک ایک شکار کیا۔