اسلام آباد میں ہونے والے احتجاجی مارچ کیلئے انتظامات مکمل کرلئے ہیں،صدیق الرحمن پراچہ

October 25, 2021

پشاور( وقائع نگار) جماعت اسلامی یوتھ خیبرپختونخوا کے صدر محمدصدیق الرحمن پراچہ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام 31اکتوبر کو اسلام آباد میں ہونے والے احتجاجی مارچ کے لیے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں خیبرپختونخوا سے ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں کا قافلہ تمام رکاوٹیں توڑ کر ڈی چوک پہنچیں گے انتظامیہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدیق الرحمن پراچہ نے مزیدکہاکہ جب سے موجودہ حکومت برسراقتدار آئی ہے بڑھتی ہوئی مہنگائی،بیروزگاری اور سودی معاشی دہشت گردی نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے ، موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر تین سالوں میں بجلی،گیس،پٹرولیم مصنوعات اور کھانے پینے کی اشیاپر بے تحاشا ٹیکس عائد کردیا،عوام کا جینا محال ہو چکا ہے، ملک میں وسائل کا نہیں، حکمرانوں کی اہلیت، صلاحیت اور وژن کا شارٹ فال ہے۔ اناڑیوں نے ملک کواجاڑکر رکھ دیا اب حکمرانوں کو گھر بھیجنے کے لئے عوام کو سڑکوں پر نکلنا ہوگا۔