ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی، آرمی چیف

April 26, 2024

فائل فوٹو۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے اور توجہ ہٹانے والوں کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی، منفی پروپیگنڈا اور ٹرولز ترقی اور خوش حالی کےلیے کام کرنے سے نہیں روک سکتے۔

آرمی چیف نے گرین پاکستان انیشیٹو کانفرنس میں شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی اور سول و ملٹری حکام نے کانفرنس میں شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم کو کثیرالجہتی اقدامات اور مختصر وقت میں حاصل اہداف سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں جنرل عاصم منیر نے کہا معاشی استحکام کےلیے پاک فوج ہر ممکن تعاون کرے گی اور پاکستان کی معاشی ترقی کےلیے ہر ممکن مدد فراہم کرتی رہے گی۔

انھوں نے کہا فوج کی کوششیں قومی سلامتی اور قوم کی اجتماعی بھلائی میں معاون ثابت ہوں گی۔

آرمی چیف نے کہا پاکستان کی سر زمین پر اللّٰہ تعالیٰ کی رحمت ہے، پاکستان ایک باہمت قوم کی حامل سر زمین ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزراء نے اس تبدیلی کے اقدام کو سراہا۔ وفاقی وزرا نے زور دیا کہ زراعت پاکستان کی لائف لائن ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی وزرا نے امید ظاہر کی کہ جی پی آئی زرعی شعبے میں دور حاضر کے بہترین طریقوں کو متعارف کرائے گا۔