3 افراد کی لاشیں ملیں، دیگر واقعات میں خواتین سمیت 5 جاں بحق

October 26, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود کورنگی جام صادق پل پر ٹریفک حادثے میں 70 سالہ حنیفہ جاں بحق ہو گئی جبکہ انکا بیٹا اور ایک کمسن بچی زخمی ہوگئے ، حادثے کے بعد مذکورہ ٹریک پر ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی جس کے باعث ایمبولینس کو پہنچنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا، لاش اور زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ، بیٹا 30 سالہ وسیم اکرم اور 8 سالہ بچی قاریہ دختر فرید زخمی ہیں ، قائد آباد مرغی خانہ اسٹاپ کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار 55 سالہ شیر محمد جاں بحق ہوگیا ، نیشنل ہائی وے وائرلیس گیٹ بلال مسجد کے قریب ٹریفک حادثے میں 53 سالہ فضل محمود جاں بحق ہوگیا ،میمن گوٹھ کے علاقے میں ٹریفک حادثے میں عارفہ جاں بحق ہوگئی ،خاتون کا آبائی تعلق پنجاب سے تھا، نارتھ ناظم آباد بلاک ایف میں زیر تعمیر بلڈنگ میں کام کے دوران گر کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا ، علاوہ ازیں کورنگی ضیاء کالونی کے قریب روڈ سے 50 برس کے شخص کی لاش ملی ، شیر شاہ پٹھان کالونی ریلوے ٹریک سے ایک شخص کی لاش ملی ،پولیس کے مطابق لاش دو سے تین روز پرانی ہے اور فوری طور پر متوفی کی موت کی وجہ سامنے نہیں آسکی ، اورنگی ٹاؤن حوا گوٹھ میں جھاڑیوں کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی،پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے مقتول کو نامعلوم مقام پر قتل کیا اور لاش وہاں پھینک دی ، مقتول کے چہرے پر دو گولیاں ماری گئی ہیں ،فوری طو ر پر شناخت نہیں ہوسکی۔