منشیات کیس، شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو کب رہا کیا جائے گا؟

October 29, 2021

منشیات برآمدگی کیس میں ضمانت مل جانے کے بعد بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو کل آرتھر روڈ جیل سے رہا کردیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز آریان خان کو منشیات کیس میں گرفتاری کے تین ہفتے بعد ضمانت ملی، وہ ضمانت کے بعد کم از کم دو مزید راتیں جیل میں گزاریں گے۔

آریان کی ٹیم آج ممبئی ہائی کورٹ کے درخواست ضمانت کا حکم نامہ جاری ہونے کے بعد ان کی رہائی کے لیے درخواست دے گی۔

اس سے قبل کہا جارہا تھا کہ آریان کو ضمانت ملنے کے ایک روز بعد رہا کردیا جائے گا۔

خیال رہے کہ بھارت کے انسداد دہشت گردی کے ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی میں ساحل کے قریب کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپا مارکر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اور ان کے دوست ارباز مرچنٹ کو گرفتار کیا تھا۔

این سی بی کی جانب سے ان پر منشیات رکھنے اور استعمال کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا، جسے پہلے آریان نے مسترد کیا جبکہ بعد میں اس سے متعلق اعتراف بھی کرلیا تھا۔

ممبئی ہائی کورٹ میں آریان خان کے وکیل سابق اٹارنی جنرل مکول روہاتگی نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ آریان کی گرفتاری غیر قانونی ہے۔