منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے ممبئی کی آتھر روڈ جیل میں گزارے جانے والے اوقات کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آریان خان کو گرفتاری کے بعد سے قرنطینہ کی بیرک نمبر ایک میں رکھا گیا ہے جو خصوصی بیرک ہے، انہیں وہاں پانچ دن کا قرنطینہ مکمل کرناہے، آریان کو ابھی جیل کا یونیفارم نہیں دیا گیا ہے ۔
شاہ رخ خان کے بیٹے کو صبح 6 بجے جگایا جاتا ہے جس کے بعد 7 بجے ناشتہ دیا جاتا ہے، آریان کو ناشتے میں شیرا اور پوہا (بھارتی ڈِش) دیا جاتا ہے۔
آریان کو 11 بجے دوپہر کا کھانا دیا جاتا ہے جس میں چپاتی کے ساتھ سبزی اور دال چاول ہوتے ہیں۔
آریان کو شام 6 بجے رات کا کھانا دیا جاتا ہے لیکن وہ چاہیں تو 6 کی بجائے رات 8 بجے کھانا کھا سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں اگر کسی بھی ملزم کو مزید کھانا چاہیے تو وہ کینٹین سے جاکر خرید کر کھا سکتا ہے۔
این سی بی کی جانب سے جیل کے اطراف میں چہل قدمی کی اجازت ہے لیکن گرفتاری کے بعد 5 دن کیلئے قرنطینہ میں ہونے کی وجہ سے باہر نہیں نکل سکتے۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے رواں ماہ 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر کروز شپ پر چھاپہ مارا تھا جہاں پارٹی چل رہی تھی اور اس پارٹی میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان بھی موجود تھے۔
نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے مارے گئے چھاپے میں غیر قانونی منشیات برآمد ہوئی تھی اور اُسی وقت آریان خان کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔
آریان خان کی منشیات برآمدگی کیس میں گرفتاری پر درخواستِ ضمانت کی خصوصی عدالت میں سماعت کل ہوگی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آریان خان کی درخواستِ صمانت پر سماعت بھارتی وقت کے مطابق تقریباََ دوپہر 2بج کر 45 منٹ پر ممبئی سیشن کورٹ میں ہو گی۔
رپورٹ میں یہ بتایا گیا ہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) اپنا جواب بھی بدھ کے روز ہی جمع کروائے گا۔