مہنگائی بین الاقوامی مسئلہ بن چکی ہے، ثانیہ نشتر

November 14, 2021

احساس پروگرام کی چیئر پرسن ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ مہنگائی بین الاقوامی مسئلہ بن چکی ہے ، وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر آج سے دو کروڑ خاندانوں کو ایک ہزار روپے اشیاء خور و نوش میں ریلیف دینے کا باقاعدہ افتتاح کردیا ہے۔

نوشہرہ میں مختلف مقامات پر جنرل اسٹور میں ریلیف ایپ کی افتتاح کے موقع پر جیونیوز سے بات چیت کرتے ہوئے ثانیہ نشتر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر 2 کروڑ خاندانوں کو آٹا، گھی اور دالوں پر ماہانہ ایک ہزار روپے سبسڈی دینے کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کردیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے دنیا میں پہلی مرتبہ ایک جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے رجسٹریشن شروع کی ہے ۔

ان کاکہنا تھا کہ مستحق خاندانوں کو میسج کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا کہ وہ اہل ہے یا نہیں ۔

ثانیہ نشتر نے کہا کہ 120 ارب روپے کا احساس راشن پروگرام بھی شروع ہوچکا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں ہے کورونا کے باعث پوری دنیا میں مہنگائی عروج پر ہے اور جیسے جیسے معیشت کا پہیہ چلے گا تو لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا ہوں گی۔