جج شمیم نے یہ راز اتنے سالوں تک چھپا کر کیوں رکھا؟ شہباز گل

November 15, 2021

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہبازگل کا کہنا ہے کہ رانا شمیم ساہیوال سے نکل کر گلگت میں جج کیسے، کس حکومت میں لگے؟ جج شمیم نے یہ راز اتنے سالوں تک چھپا کر کیوں رکھا؟

سابق چیف جج گلگت بلتستانرانا شمیم سے متعلق خبر پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ شمیم صاحب ایک کپ چائے نواز شریف اور مریم صاحبہ کے ساتھ بھی پی لیں، چائے پی کر بتائیں کہ لندن اپارٹمنٹس کے پیسے کہاں سے آئے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے اپنے سلسلہ وار ٹوئٹس میں کہا کہ عدالتوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش، مریم کی اپیل رکوانے کے لیے ویڈیو سے لیکر خواب سنانے کی بجائے رسیدیں دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جج شمیم کو اچانک خواب آنے کی وجہ مریم صفدر کی 17 تاریخ کو لگنے والی اپیل ہے، مریم نواز اپنی اپیل میں ہرصورت تاخیر کروانا چاہتی ہیں۔

شہباز گل نے کہا کہ ابھی اور ڈرامے بھی ہوں گے، سب سے پہلے تو جج شمیم پر ایف آئی آر ہونی چاہیے، انہوں نے یہ راز اتنے سالوں تک چھپا کر کیوں رکھا؟

انہوں نے مزید کہا کہ واہ میری قوم حسن علی کے ایک کیچ چھوڑنے پر اتنا غصہ،اربوں لوٹنے والوں کو پھولوں کے ہار۔