دہشت گردانہ حملوں کے خطرے میں اضافے کے بعد اہم مقامات پر مسلح پولیس کے گشت میں اضافہ

November 19, 2021

لندن (پی اے) لیورپول میں حملے کے بعد دہشت گردانہ حملوں کے خطرے میں اضافے کے بعد اہم مقامات پر مسلح پولیس کے گشت میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ برطانیہ کی انسداد دہشت گردی پولیس کے سربراہ میٹ جیوکس نے بتایا کہ اب عوام اہم مقامات پر پولیس کی زیادہ موجودگی کو دیکھ سکیں گے جبکہ افسران آن لائن پر بھی اپنے کام میں اضافہ کردیں گے۔ لندن کے لیسسٹر اسکوائر میں بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پورے لندن کے اہم ایونٹس پر نظر ثانی کی گئی ہے اور اب لندن پر انسداد دہشت گرد پولیس کا گشت نظر آئے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہم دیگر مقامات پر بہت فعال رہیں گے اور کمیونٹیز سے آن لائن ان کی شکایات سنیں گے، دہشت گردی کے خطرے کےحملہ کے امکانات سے نمٹنا ممکن بنا دیا گیا ہے۔تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ لیورپول میں دھماکے کے ملزم عماد السویلمین نے بم دھماکے سے کئی ماہ قبل بم دھماکے کی منصوبہ بندی کی تھی اور وہ اس کیلئےکم از کم اپریل سے پرزے خرید رہا تھا۔ جیوکس کا کہنا ہے کہ لوگوں کو مشتبہ رویئے کی منصوبہ بندی کا پتہ چلانے سے متعلق تربیت دینے میں مہینوں لگ جاتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس معاملے میں بھی ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ ملزم کا رویہ کیا تھا اور دوسروں نے اسے کیسا محسوس کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ ہم یہ جانتے ہیں کہ عام طورپر حملے کی منصوبہ بندی مہینوں قبل کی جاتی ہے اور عوام کو بدلتا ہوا رویہ دیکھنے اور غیر معمولی تبدیلی، اشیا کی غیر معمولی ڈلیوری اور غیرمعمولی واقعات کو محسوس کرنے کیلئے کئی مہینے مل جاتے ہیں۔ انھوں نے کسی مخصوص کیس کا حوالہ دیئے بغیر کہا کہ عوام، پڑوسی، دوست اور فیملی کمیونٹیز کو محفوظ رکھنے میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دیسی ساختہ بم کے سگنل ہوتے ہیں، عوام کو انھیں پہچاننا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ اگر آپ ایک ریٹیلر ہیں اور کوئی آپ سے ایسی چیز خریدتا ہے جو اس کیلئے درست محسوس نہ ہوتی ہو تو آپ کو انسداد دہشت گردی کی ہاٹ لائن پر اس کی اطلاع دینی چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ اگر دہشت گرد تنہا بھی ہو توبھی اسے بے نقاب کیاجاسکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تنہا فرد ہمارے لئے زیادہ خطرہ ہوتا ہے کیونکہ درحقیقت وہ تنہا نہیں ہوتا بلکہ وہ آن لائن کچھ دیکھنے کے بعد اس سے اثر لیتا ہے، جو چیز اس نے کبھی آن لائن نہیں دیکھی، اس سے اسے ہدایت ملتی ہے اور عام طورپر وہ اپنے دوستوں اور فیملی کے ساتھ رابطے میں ہوتا ہے۔ اس لئے دوستوں، فیملی، پڑوسیوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ رویئے میں تبدیلی کو محسوس کریں عام طورپر جب اس طرح کے واقعے کے بعد ہم مڑ کر دیکھتے ہیں تو بہت سے ایسے اشارے ملتے ہیں، جن سے قبل از وقت پتہ چلایا جاسکتا تھا۔ انھوں نے کہا کہ پولیس اور سیکورٹی سروسز کو بھی عوام خاص طورپر والدین کی مدد کی ضرورت ہوتی ہے کہ وہ دہشت گردوں یا انتہاپسندوں کے میٹریل تک آن لائن رسائی کا پتہ چلائیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں دہشت گردوں کیلئے کارآمد معلومات اور میٹریل کی آن لائن موجودگی پر تشویش ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم اس طرح کی معلومات شیئر کرنے والوں کے خلاف ہر سال کارروائی کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اس کام کیلئے عوام خاص طور پر والدین کی مدد کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ نوجوانوں کواس طرح کی بعد معلومات حاصل ہوتی ہیں، اس لئے ان کے ساتھ بات چیت کی ضرورت ہے۔ برطانیہ کی انسداد دہشت گردی پولیس سیکورٹی سروس کے ساتھ فی الوقت 800 واقعات کی تفتیش کررہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ عوام کرسمس کے موقع پر پرہجوم مقامات پر دہشت گردی کے خطرے سے چوکنا رہیں، یہ بہت ہی نازک وقت ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ بعض اوقات برطانیہ یا دنیا میں کسی بھی اور جگہ کسی دہشت گردانہ حملے سے بعض دوسرے لوگوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ برطانیہ میں خطرے کی سطح میں اضافہ کردیا گیا ہے، یہ صورت حال تشویشناک ضرور ہے لیکن عوام کو اس حالت میں خود کو بے بس تصور نہ کریں اور یہ یقین رکھیں کہ ہمارے پاس اس طرح کی کال پر کارروائی کرنے کی پوری صلاحیت موجود ہے۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ کوئی چیز درست نہیں ہے تو انسداد دہشت گردی کی ہاٹ لائن پر کال کریں۔