ای پاسپورٹ کا اجرا

November 25, 2021

آج کے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے دور میں انسان کی زندگی کا تقریباً ہر شعبہ انٹرنیٹ کی دنیا سے منسلک ہوگیا ہے اوردور حاضر میں ملکوں کی معاشی ترقی کیلئے یہ ازحد ضروری بھی ہے ۔یہی وجہ ہےکہ دنیا بھر کی حکومتیں آئی ٹی کے شعبے میں اپنے وسائل صرف کررہی ہیں۔ اس تناظر میں وفاقی حکومت کی جانب سے آئند ہ سال سے ای پاسپورٹ جاری کرنے کے فیصلے سے مسافروں کےوقت کی بچت ہونے کے ساتھ طویل قطاروں میں انتظار کی کوفت ختم ہوگی اور ائیر پورٹ پر بھی دستاویزی سفری کارروائی سہل ہوجائے گی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید کی زیر صدارت اجلاس میں اس اہم فیصلے کی بابت آگاہ کرتے ہوئےبتایا گیا کہ اس سے موجودہ مینوئل سسٹم میں تمام رکاوٹوں کو ختم کرنے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو آسانی سے آن لائن درخواستوں پر کارروائی کرنے میں مدد ملےگی جبکہ کم وقت میں بورڈنگ کارڈ، امیگریشن کی تکمیل سے مسافروں کی طیارے تک تیز تر رسائی ممکن ہوگی۔ای پاسپورٹ یا بائیومیٹرک پاسپورٹ میں اسمارٹ آئی ڈی کارڈ کی طرح ایک مائیکرو چپ لگائی جاتی ہے جس میں پاسپورٹ ہولڈر کی تمام بنیادی معلومات موجود ہوتی ہیں۔یہ جدید پاسپورٹ مسافر کی فوری شناخت و تصدیق کیلئےدنیا بھر میں استعمال کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان میں سال رواں کے اوائل سے ای پاسپورٹ کے اجرا کیلئے حکومتی سطح پر کام جاری ہے ابتدا میں گزشتہ جون سے یہ سہولت متعارف کروانے کا اعلان کیا گیا اور اس ضمن میں ایک جرمن کمپنی سے بھی معاہدہ طے پایا۔لیکن جون میں اس کا اجرا ممکن نہ ہوسکا اب آئندہ سال سے یہ سہولت شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔امید ہے کہ 2022میں پاکستانی شہری بھی اس سہولت سے مستفید ہوتے ہوئے ائیرپورٹوں پر شناخت کے طویل مراحل سے بچ سکیں گے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998