سرورباری کے الزامات فورم کو متنازع بنانے کی سازش ہیں، فافن

November 25, 2021

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) فری اینڈ فئیر الیکشن نیٹ ورک ( فافن ) نے حالیہ دنوں میں معزول کیے گئے اپنے رکن سرور باری کی جانب سے لگائے گئے بے بنیاد الزامات اور بہتانوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اسے انتخابات کےموضوع پر پاکستان کے نہایت قابل اعتبار اور غیر جانبدار سمجھے جانے والے فورم کو متنازع بنانے کی سازش قرار دیا ہے، فافن نے اس امر پر نہایت افسوس کا اظہار کیا ہے کہ سرور باری اپنے ذاتی مفادات کے تحفظ اور منفی کردار کے باعث فافن کی نیشنل کونسل سے نکالے جانے کے بعد اس نیٹ ورک کو نقصان پہنچانے پر تلُے ہیں جس کے قیام میں ان کا اپنا بھی کردار رہا ہے۔ فری اینڈ فئیر الیکشن نیٹ ورک کی نیشنل اور ایگزیکٹو کونسلوں کے ارکان نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ سرور باری کے الزامات کا مقصد فافن کو ٹرسٹ فار ڈیمو کریٹک ایجوکیشن اینڈ اکاؤنٹبلیٹی (TDEA) سے الگ کرنا ہے جو کہ 2008یں اپنے قیام کے پہلے روز سے فافن کے انتظامی اور پروگرام سیکرٹریٹ کا کردار ادا کررہا ہے،فافن کی نیشنل کونسل کا کہنا ہے کہ سرور باری کے TDEA-FAFEN پر بدنیتی پر مبنی الزامات کے پسِ پشت انکی یہ فرسٹریشن کارفرما ہے کہ فافن کے مؤقف کو کسی فردِ واحد کی رائے اور خواہشات کی بجائے ایک جمہوری طریقے سے طے کیا جاتا ہے ۔