ظہیر عباس کا عمران خان سے کیا جھگڑا رہتا تھا؟ ایشین بریڈمین نے بتادیا

November 27, 2021

فوٹو: فائل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سابق سربراہ و سابق ٹیسٹ کرکٹر ظہیر عباس نے کہا ہے کہ زمانہ کھیل کے دوران ان کا عمران خان سے ڈپارٹمنٹس کو پسند نہ کرنے کا جھگڑا رہتا تھا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ میرا اور عمران کا یہی جھگڑا رہتا تھا کہ وہ ڈپارٹمنٹس کو پسند نہیں کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سمجھنا چاہیے تھا کہ ڈپارٹمنٹس سے لوگوں کی روزی چل رہی تھی، عمران خان سے امید ہے کہ وہ کرکٹ کے لیے بہت کام کریں گے۔

ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اسپورٹس کے لیے کچھ نہ کچھ کرنا چاہیے تاکہ دنیا انہیں یاد رکھے۔

ایشین بریڈمین کے لقب سے مشہور ظہیر عباس نے بتایا کہ انہوں نے شعیب ملک کے ساتھ بہت ٹینس کھیلی ہے، خوشی ہے کرکٹ کے بعد اب میں اس گراؤنڈ میں واپس آیا ہوں۔

قومی ٹیم کے موجودہ کپتان بابر اعظم سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ بابراعظم بہت اچھا کھیل رہا ہے، اس کا بلا ہی ہر بات کا جواب دے رہا ہے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ ہماری ٹیم بہت اچھا کھیلی، پاکستان کی ٹیم نے بہت اچھی بیٹنگ کی ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آخری ٹیسٹ میچ میں بنگلا دیش جاؤں گا۔

موجودہ ٹیم میں بیٹنگ کوچ کی عدم موجودگی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مینجمنٹ کو فیصلہ کرنا ہے کہ بیٹنگ کوچ رکھنا ہے یا نہیں۔

اپنے دور کی کرکٹ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم تو کوچ کے بغیر ہی کھیلے ہیں، اب تو ہر چیز کے لیے کوچ ہوتا ہے۔