10th ایونیو کی تعمیر کیلئے کام ایوارڈ،10ارب سے زائد لاگت آئیگی

November 30, 2021

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) سی ڈی اے نے ٹینتھ ایونیو تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شعبہ روڈز نےمنصوبہ کے لئے موصول ہونے والی بولیاں کھول دی ہیں۔ منصوبے کے لئے سب سے کم بولی این ایل سی نے دی۔ 10thایونیو کی تعمیر دو پیکجز میں کی جا ئے گی۔یہ شاہراہ آئی جے پرنسپل روڈ سے شروع ہوگی اور سری نگر ہائی وے تک جا ئے گی۔پیکج ون میں پانچ کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ڈرینج سسٹم کی تنصیب، سیکٹروں کے درمیان اور ریلوے کراسنگ پر انڈر پاسز کی تعمیر، کلورٹس کی تعمیر اور الیکٹریکل کا کام شامل ہے جبکہ پیکج ٹو کے تحت سری نگر ہائی وے پر فلائی اوور تعمیر کیاجائے گا۔10th ایونیو کے دونوں پیکجز پر 10.28 بلین روپے لاگت آئے گی۔ اس ایونیو کی تعمیر سے سیکٹر آئی ٹین، ایچ ٹین، آئی نائن، ایچ نائن اور دیگر ملحقہ سیکٹروں کے مکینوں کو بالواسطہ سہولیات میسر آئیں گی۔ پراجیکٹ 21 ماہ میں مکمل ہوگا۔