خالد مقبول صدیقی کا سندھ میں پی پی کو ٹف ٹائم دینے کا اعلان

December 01, 2021

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے صوبائی حکمران جماعت پیپلز پارٹی کو سندھ میں ٹف ٹائم دینے کا اعلان کردیا۔

کراچی میں خصوصی افراد کے پروگرام سے خطاب میں خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ ہم پیپلز پارٹی کو سندھ میں ٹف ٹائم دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سے جاگیرداروں اور وڈیروں کو خطرہ ہے، وڈیروں کے لئے اب اس شہر میں گزارا ممکن نہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے مزید کہا کہ اس شہر پر قابض لوگوں کی قابلیت سب کو پتا ہے، ایم کیو ایم کسی شخص کے نام پر نہیں پل رہی نہ ہی کوئی خاندان اس پر قابض ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دفاتر پر ہمارا حق ہے، جن لوگوں نے دفاتر سیل کیے تھے، وہ ہماری ہمتوں سیل نہیں کرسکے۔

خالد مقبول صدیقی نے یہ بھی کہا کہ ایم کیو ایم کو کسی آفس کی ضرورت نہیں، ہماری 7 نشستوں سے پورا پاکستان کانپتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آفس بند کرنے والوں نے دیکھ لیا، آفس بند ہونے پر بھی ہم نے کام کرکے دکھایا، کوئی ہمارے آفس واپس کرنا چاہے تو ہم واپس لے لیں گے۔