وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی بلاول بھٹو پر تنقید

December 02, 2021


وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی پارٹی اور والد سے پوچھیں، آئی ایم ایف سے ڈیل تو آپ نے کی تھی، آپ کی نالائقی کی وجہ سے ہمیں یہ چیزیں کرنی پڑ رہی ہیں۔

وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ زرداری کا بیٹا سن لے نہ عمران خان بھاگنے والوں میں سے ہے نہ تمہیں بھاگنے دیں گے، 2023ء کا الیکشن بھی تحریک انصاف جیتے گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں گندم کی بوریوں میں سے مٹی اور چوہے نکلتے ہیں، کراچی کا بیڑا غرق کردیا ہے جہاں پر کھٹارہ بسیں چل رہی ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارا احتساب 2023ء کے الیکشن میں عوام کریں گے، اگر ہم نے کام نہیں کیا ہوگا تو ہمارا بھی وہی حال ہوگا جو دیگر جماعتوں کا ہوا ہے۔

محمود خان نے کہا کہ یقین ہے کہ 2018 کی طرح بلدیاتی انتخابات میں بھی عوام تحریک انصاف کے ساتھ ہوں گے، عمران خان نے عوام کو شعوردیا ورنہ یہ لوگ ملک کو لوٹتے رہتے۔

خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اقتدار میں آنے کے بعد ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا۔