اسلام آباد چیمبر کے جائیداد کی نئی مارکیٹ ویلیو پر شدید تحفظات

December 03, 2021

اسلام آباد ( کامرس رپورٹر، نیوز رپورٹر) پراپرٹی اور تعمیراتی شعبے سے وابستہ بزنس کمیونٹی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ ایک ہنگامی اجلاس میں ایف بی آر کی جانب سے اسلام آباد سمیت ملک کے 40 بڑے شہروں کی غیر منقولہ جائیداد کے لیے مقرر کردہ نئی مارکیٹ ویلیو پر شدید تحفظات کا اظہار کیا کیونکہ اس میں غیر معمولی طور پر اضافہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس فیصلے کی پرزور مخالفت کی کیونکہ اس سے پراپرٹی اور تعمیراتی شعبے کی کاروباری سرگرمیوں کو بڑا بڑا دھچکا دے گا اور معیشت کی بحال کرنے کی تمام حکومتی کوششوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایف بی آر معیشت کو شدید نقصان سے بچانے کیلئے فوری طور پر اس فیصلے کو واپس لے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی میں پراپرٹی اور تعمیراتی شعبے کی اہمیت کے پیش نظر وزیراعظم نے ایک پرکشش تعمیراتی پیکج فراہم کیا تھا جس سے تعمیراتی شعبے کی کاروباری سرگرمیوں میں تیزی پیدا ہو گئی ہے۔ تاہم ایف بی آر نے اسٹیک ہولڈر ز سے کوئی مشاورت کئے بغیر غیر منقولہ جائیدادوں کی مارکیٹ ویلیو میں غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے جس سے معیشت کو شدید دھچکا لگے گا ۔ انہوں نے مشیر خزانہ اور چیئرمین ایف بی آر سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر آئی سی سی آئی سمیت سٹیک ہولڈرز کے ساتھ میٹنگ کر کے اس مسئلے کا کوئی متفقہ حل نکالنے کی کوشش کریں ۔آئی سی سی آئی کی ریئل اسٹیٹ اینڈ ڈویلپرز کمیٹی کے کنوینر محمد مسعود نے کہا اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہ وزیراعظم کے تعمیراتی پیکج سے پراپرٹی شعبے میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے جس کے نتیجے میں وفاقی دارالحکومت سمیت ملک میں بڑے بڑے تعمیراتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایف بی آر فوری طور پر اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے ۔محمد فہیم خان نائب صدر آئی سی سی آئی، محمد اعجاز عباسی، محمد نوید ملک، طاہر عباسی، رانا قیصر شہزاد، اشفاق چھٹہ، سعید احمد بھٹی، خالد چوہدری، چوہدری طاہر، ضیاء خالد چوہدری اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔