مانی کو سیالکوٹ واقعے پر منٹو کے کہے ہوئے الفاظ یاد آگئے

December 04, 2021

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکارو میزبان سلمان ثاقب شیخ عرف مانی نے سیالکوٹ واقعے پر افسوس کا اظہارکیا ہے۔

مانی نے اپنی انسٹا اسٹوری پر معروف مصنف سعادت علی منٹو کا ایک مشہور قول شیئر کیا ہے۔

سعادت علی منٹوکے مذہبی عدم برداشت پر کہے ہوئے الفاظ؛

’شیطان اتنا بڑا گستاخ تھا کہ اس نے سیدھا خدا کو کہہ دیا کہ میں نہیں کرتا سجدہ اور مردود ہوگیااورخدا اتنا بڑا سیکولر ہے کہ اس نے اختلاف رائے پر شیطان کو مارا نہیں بلکہ مہلت دی کہ اپنے نظریے پر لوگوں کو قائل کرسکتا ہے تو کر لے۔ لیکن یہ خدا کہ ماننے والے پتا نہیں کس مٹی کے بنے ہوئے ہیں‘۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سیالکوٹ میں نجی فیکٹری کا سری لنکن منیجر فیکٹری ملازمین کے تشدد سے ہلاک ہوگیا تھا، مشتعل افراد نے لاش کو سڑک پر گھسیٹا اور آگ لگادی گئی تھی۔

مشتعل افراد کا دعویٰ ہے کہ مقتول نے مبینہ طور پر مذہبی جذبات مجروح کیے تھے، مشتعل افراد نے فیکٹری میں توڑ پھوڑ بھی کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔