وزیراعلیٰ پنجاب کی قائداعظم کے مجسمے پر فوری طور پر عینک لگانے کی ہدایت

December 05, 2021

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وہاڑی میں قائد اعظم محمد علی جناح کے مجسمے سے چوری ہونے والی عینک کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر مجسمے پر چشمہ لگانے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وہاڑی میں قائد اعظم کے مجسمے سے عینک چوری ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ملتان سے رپورٹ طلب کرلی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ قائداعظم جیسی عظیم ہستی کے مجسمے سے چشمہ چوری کرنا انتہائی افسوسناک فعل ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ وہاڑی میں نامعلوم چوروں نے بابائے قوم قائدِاعظم محمد علی جناح کے مجسمے سے عینک چوری کرلی تھی۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ قائدِاعظم کا مجسمہ ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں نصب ہے، قائد اعظم محمد علی جناح کے مجسمے سے نامعلوم چوروں نے عینک چوری کرلی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ گذشتہ شب پیش آیا، ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں نصب کیمروں کی مدد سے چوروں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔