نیا بلدیاتی نظام، تنقید کرنے والوں کے قول و فعل میں تضاد، مرتضیٰ وہاب

December 07, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی سندھ و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضی ٰوہاب نے کہا ہے کہ سندھ کے نئے بلدیاتی نظام پر تنقید کرنے والوں کے قول و فعل میں تضاد ہے، نادان دوست قانون کو پڑھے بغیر الزام لگا رہے ہیں، سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے کچھ روزسے الزامات کاسلسلہ شروع کیاگیاہے کچھ لوگ تقسیم اورلسانیت کی بات کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اورایم کیوایم بتائے کیا نعمت اللہ خان اورمصطفیٰ کمال کے دورمیں کراچی میں ٹاؤنز نظام نہیں تھا،وسیم اخترچارسال کہتے رہے واٹربورڈ اورسیوریج بورڈ ان کے پاس نہیں اب جب دیا جارہا ہے توکیا اعتراض ہے،ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ اپوزیشن راضی ہوہم پی ایف سی دینے کوتیارہیں ہمیں انتظارتھا کہ نئے انتخابات ہوں توبلدیاتی اداروں کواختیارات دیں سندھ حکومت کواسپتال یااسکولزدینے کاشوق نہیں ہم چاہتے ہیں یہ ادارے چلیں جواچھاہے۔