مانچسٹر ارینا بم دھماکے میں ہلاک شدگان کی یادگار پر حملہ، سیکورٹی کیلئے لگائی گئی باڑھ اکھاڑ دی گئی

December 07, 2021

لندن (پی اے) مانچسٹر ارینا میں بم دھماکے میں ہلاکہ ہونے والے 22افراد کیلئے قائم کی گئی یادگار پر نامعلوم افراد نے دھاوا بول کر یادگار کی سیکورٹی کیلئے لگائی گئی باڑھ اکھاڑ دی، یہ یادگار ابھی تک سرکاری طورپر نہیں کھولی گئی ہے اور پروگرام کے مطابق اسے نئے سال پر کھولا جائے گا۔ 2 سوگوار خاندانوں نے بتایا کہ انھیں دیکھ کر افسوس ہوا کہ اتوار کو یادگار کی حفاظتی باڑھ اکھاڑ دی گئی۔ مانچسٹر سٹی کونسل نے بی بی سی کو بتایا کہ اس واقعہ کی تفتیش تک اس کی حفاظت کیلئے سیکورٹی ٹیم بھیج دی گئی ہے۔ بم دھماکے میں ہلاک ہونے والے 19 سالہ نوجوان کی والدہ کیرولن کری نے بتایا کہ انھوں نے دیکھا کہ ایک شخص یادگار کے پتھر پر کھڑا تھا اور جب اسے للکارا گیا تو اس نے بدزبانی کی، ایک خاتون مسلسل قے کررہی تھی جبکہ نوجوانوں کاایک گروپ منشیات پی رہا تھا۔ شفیلڈ سے تعلق رکھنے والی ایک اور خاتون کلیئر بریوسٹر، جس کی 32 سالہ بہن بم دھماکے میں ہلاک اور وہ خود زخمی ہوگئی تھی، بتایا کہ اتوار کی رات مانچسٹر میں یادگارپر پہنچ کر انھیں یہ دیکھ کر بہت دکھ پہنچا کہ لوگ یادگار میں داخل ہونے کیلئے باڑھ اکھاڑ رہے تھے۔ کیرولن کری اور کلیئر بریوسٹر نے بتایا کہ وہ دونوں کئی گھنٹے تک وہاں کھڑی ہو کر یادگار پر پہرہ دیتی رہیں لیکن وہاں کونسل کی جانب سے سیکورٹی کیلئے کوئی فرد موجود نہیں تھا۔ بعد ازاں مانچسٹر سٹی کونسل نے بتایا کہ انھوں نے واقعے کا جائزہ لینے اور یادگار کو رات بھر محفوظ رکھنے کیلئے سیکورٹی ٹیم بھیج دی ہے۔ سٹی سینٹر کے حلقے سے کونسلر نے کہا کہ کونسل اس واقعے کی فوری نوعیت کے واقعے کے طورپر تفتیش کررہی ہے کہ یادگار کے ساتھ کیا ہوا اور اس کومحفوظ کرنے کیلئے کیا کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ یادگار کے اندر اور اس کے اردگرد سوگوار خاندان نے جو کچھ دیکھا، اس طرح کے واقعات پر کوئی عذر پیش نہیں کیا جاسکتا۔ انھوں نے بتایا کہ پورے علاقے میں سی سی ٹی وی موجود ہے اور اگر فوٹیج سے ظاہر ہوا کہ یہ جنونی غنڈوں کے سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ تھا تو ہم پولیس سے رابطہ کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہم اس واقعے کی اور رویئے کی سختی سے مذمت کرتے ہیں اور اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔ قبل ازیں کونسل نے اعلان کیا تھا کہ مانچسٹر کیتھڈرل سے ملحق یادگار جنوری میں کھولی جائے گی۔ اسے ہلاک شدگان کی یاد کیلئے ایک خاموش باغیچے کی شکل دی جائے گی، اس کے وسط میں ایک یادگار پتھر نصب کیا جائے گا، جس پر ہلاک ہونے والے تمام افراد کے نام کندہ کئے جائیں گے۔