آرائشی آئینے

December 10, 2021

مریم احمد

خواتین اپنے گھر کو خوبصورت بنانے کی ہر ممکن کوشش کرتی ہیں۔ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے گھر کو ہر طر ح سے منفرد بنائیں۔ اس کے لیے کئی اشیاء کو سلیقے مندی سے سجاتی ہیں۔ ان میں فرنیچر ،کمرے کا رنگ ،لائٹنگ، پردے، بلائنڈز ،وال پیپرز ،ٹیبل لیمپس۔ غرض یہ کہ ہر اشیاء کو صحیح جگہ پر تناسب سے رکھنا آپ کی سلیقہ مندی کو واضح کرتا ہے۔ اس ہفتے ہم آ پ کو دیواروں پر آئینے لگانے کے بارے میں بتا رہے ہیں۔

یہ آئینے مختلف سائز ،اسٹائل اور ساخت میں موجود ہوتے ہیں۔ بازار میں ماڈرن ، کلاسیکی اور الٹر کلاسک ہر طرح کے آئینے دستیاب ہیں اور زاویوں میں افقی،عمودی، گولائی یا مستطیل آپ کسی بھی زاویے کے آئینے استعمال کر سکتی ہیں۔ دیوار پر آئینہ لگانے سے کمرےکی جاذبیت میں اضافہ ہوتا ہے۔خاص طور پر چھوٹے کمروں میں یہ انتہائی دل کش تاثر دیتے ہیں۔ ان سے کمرہ کشادہ لگتا ہے ۔

آج کل گھروں میں فالس سیلنگ لائٹس بھی لگائی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ اسٹوڈیو لائٹس اور آرائشی لائٹس لگانا بھی فیشن میں ہے ۔لیکن ان میں سے ہر ایک کے انعکاس کا خیال رکھنا ضروری ہے ۔ اگر ان لائٹوں کے قریب آئینے آویزاں کیے جائیں تو روشنی کے انعکاس کے بعد کمرہ بہت خوب صورت لگے گا۔

اگر کھڑکی کے قریب آئینہ آویزاں کریں گی تو مقابل دیوار،راہداری یا باہر کا منظر آئینے سے جھانکتا بھلا لگے گا۔ اگر آئینہ دیوار کی پشت سے لگا کر کھڑا کر دیں تو چھت پر لگے فانوس کو فوکس کرے گا اور لائٹس جلنے پر ہر شے روشن ہوتی ہوئی اچھی لگے گی۔

یہ بڑے بڑے آئینے جو دیوار سے ملحق کرکے رکھے جاتے ہیں راہداری ہی میں زیادہ بھلے معلوم ہوتے ہیں۔ کچھ گھروں میں راہداریاں کشادہ مگر کچھ گھروں یا فلیٹوں میں تنگ جگہ پر مشتمل ہوتی ہیں اس لئے یہاں رکھا جانے والا فرنیچر بھی کم جگہ گھیرنے والا ہو تو بہتر ہے۔ آئینوں کے فریم اگر چوڑے ہوں گے تو راستہ تنگ ہو جائے گا۔

سادہ اور دلکش فریم والے آئینے

یہ آئینے مختلف دھاتوں، کھڑکی اور پلاسٹک کے فریموں میں ہوتے ہیں۔ یہ جتنے بڑے اور وسیع حجم کے ہوں گے اس قدر کمرے روشن اور کشادہ نظر آئیں گے۔ وسعت نظری کی تعریف پر پورا اُترنے والے یہ آرائشی آئینے ہمارے گھروں کی ویرانگی زائل کرنے کی خوبی رکھتے ہیں۔

چاندی سے بنائے جانے والے فریموں کا سرا قدیم مشرقی تہذیب سے جوڑا جاتا ہے۔ اگر آپ دو کمروں میں تصاویر آویزاں کرکے ایک کمرے میں آئینہ لگاتی ہیں تو ماحول کی انفرادیت نہایت پُرتاثر اور دلفریب ہو گی۔ آئینہ خوبصورت فریم کا ہو تو یہ اپنی جگہ پر آرٹ کا نمونہ ہوتا ہے۔