پنجاب: نمونیا کیسز میں اضافے کا خدشہ

December 17, 2021

—فائل فوٹو

سردی کی شدید لہر کے باعث صوبۂ پنجاب میں نمونیا کے کیسز میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

محکمۂ صحت پنجاب کے ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر ہارون کے مطابق پنجاب میں 93 ہزار 495 افراد نمونیا سے متاثر ہوئے ہیں، جبکہ نمونیا سے متاثرہ 530 مریضوں کی اموات ہوئیں۔

انہوں نے بتایا کہ 5 سال سے کم عمر کے بچے نمونیا سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، نمونیا 5 سال سے چھوٹے بچوں کی اموات کی بڑی وجہ بھی ہے۔

ڈی جی ہیلتھ پنجاب کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس موسم میں بچوں کو سردی، گرد، دھند اور دھوئیں سے بچائیں۔

سیکریٹری صحت پنجاب صالحہ سعید کے مطابق اسپتالوں کے بچہ وارڈز میں نمونیا کے شکار بچوں کے علاج کی سہولتیں مکمل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسپتالوں میں آکسیجن، پلس آکسی میٹر اور اینٹی بائیوٹک ادویات دستیاب ہیں۔

سیکریٹری صحت پنجاب صالحہ سعید کا یہ بھی کہنا ہے کہ حفاظتی ٹیکوں کے کورس میں نمونیا سے بچاؤ کی ویکسین بھی شامل ہے۔