وفاقی وزیر شبلی فراز کی گاڑی پر فائرنگ نہیں پتھراؤ ہوا ہے، ڈی آئی جی کوہاٹ طاہر ایوب

December 19, 2021


ڈی آئی جی کوہاٹ طاہر ایوب کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر شبلی فراز کی گاڑی پر فائرنگ نہیں پتھراؤ ہوا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی کوہاٹ طاہر ایوب نے کہا کہ شبلی فراز اپنے حلقے میں ووٹ ڈالنے کے بعد واپس پشاور جارہے تھے۔

ڈی آئی جی کوہاٹ نے کہا کہ پتھراؤ کے باعث ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا جس کی حالت خطرے سے باہر ہے، پتھراؤ سے شبلی فراز کی گاڑی کی فرنٹ ونڈ اسکرین ٹوٹی ہے۔

طاہر ایوب نے کہا کہ حملے کے وقت شبلی فراز کے ساتھ پولیس اسکواڈ تھا، شبلی فراز کو باحفاظت پشاور پہنچا دیا گیا۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز پر درہ خیل کے مقام پر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا، حملے میں وفاقی وزیر شبلی فراز محفوظ رہے جبکہ اُن کے گارڈ اور ڈرائیور زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس موقع پر پہنچ گئی، فائرنگ سے گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے، زخمی ڈرائیور اور گارڈ کو علاج کے لیے پشاور منتقل کیا گیا۔

وفاقی وزیر اپنے آبائی علاقے کوہاٹ سے پشاور آرہے تھے کہ نامعلوم افراد نے اُن کی گاڑی پر حملہ کردیا۔

میڈیا سے گفتگو میں شبلی فراز نے کہا کہ الحمدللّٰہ محفوظ ہوں مگر ڈرائیور زخمی ہوا ہے، جسے علاج کے لیے پشاور منتقل کر رہے ہیں۔