نسلہ ٹاور کی منظوری دینے والے افسران کون تھے؟ تلاش شروع کردی گئی

December 29, 2021

کراچی( اسٹاف رپورٹر) کراچی میں نسلہ ٹاور کی منظوری دینے والے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران کون تھے، تلاش شروع کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق نسلہ ٹاور تعمیر کرنے کی منظوری دینے والوں کے گرد گھیرا مزید تنگ ہونے لگا مقدمہ درج ہوتے ہی پولیس حرکت میں آگئی،تفتیشی پولیس کی ٹیمیں اس حوالے سے منگل کو ریکارڈ حاصل کر نے کیلئے متعلقہ دفاتر پہنچ گئیں۔ ایس پی انوسٹی گیشن ایسٹ کی سربراہی میں پولیس ٹیم ایس بی سی اے کے دفتر پہنچی،پولیس حکام کے مطابق نوسٹی گیشن پولیس نے تعمیرات کی منظوری دینے والے ایس بی سی اے کےشعبے کا ریکارڈ طلب کرلیا۔انوسٹی گیشن پولیس کی دوسری ٹیم سندھی مسلم کو آپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی کے دفتر پہنچی تھی، ایس پی انوسٹی گیشن ایسٹ نے ایس بی سی اے کے دفتر میں ڈائریکٹر ایڈمن سے ملاقا ت کی۔پولیس کا کہنا ہے ڈائریکٹر ایڈمن نے نسلہ ٹاور کی تعمیر کے وقت تعینات تمام افسران کا ریکا رڈ پولیس کو فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ کا کہنا ہے کہ تفتیش میں تمام ذمہ دار افسران و ملازمین کو نامز د کیا جائیگا۔ قبل ازیں شاہراہ فیصل پر غیر قانونی رہائشی عمارت نسلہ ٹاور کی تعمیر کی اجازت دینے والے سرکاری افسران کے خلاف فیروزآباد تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔