نسلہ ٹاور کی غیرقانونی تعمیر: پولیس نے ملوث ایس بی سی اے افسران کی فہرست حاصل کرلی

December 29, 2021

کراچی میں نسلہ ٹاور کی غیر قانونی تعمیر کے کیس میں پولیس نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ملوث افسران کی فہرست حاصل کرلی۔

سپریم کورٹ کے حکم پر پولیس افسران کی دوڑیں لگ گئیں، عدالتی حکم پر نسلہ ٹاور کی غیر قانونی تعمیر پر ایس بی سی اے افسران کی گرفتاری کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن الطاف حسین سندھ بلڈنگ کنٹرول اٹھارٹی کے دفتر پہنچ گئے۔

عدالت کے حکم پر نسلہ ٹاور کی غیر قانونی تعمیر کے خلاف فیروز آباد تھانے میں مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس متحرک ہوگئی۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ ون الطاف حسین کی سربراہی میں 5 رکنی تحقیقاتی ٹیم سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی پہنچی، جہاں ایس بی سی اے کے ڈی جی سمیت اعلیٰ افسران سے غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افسران کی تفصیلات طلب کی گئیں۔

طویل ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایس پی انویسٹی گیشن الطاف حسین کا کہنا تھا کہ نسلہ ٹاور کی تعمیر کے وقت تعینات افسران کے ناموں کی فہرست حاصل کرلی گئی ہے۔ ذمہ داروں کے تعین کے بعد گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔