کراچی: پارک کی بحالی کا معاملہ، مدینہ مسجد پر احتجاجی کیمپ قائم، جمعہ کو ریلی ہوگی

December 30, 2021

کراچی میں سپریم کورٹ کے حکم پر طارق روڈ کے پارک کی بحالی اور مسجد کے انہدام کے فیصلے کے خلاف احتجاجی کیمپ قائم کردیا گیا جبکہ نماز جمعہ کے بعد ریلی نکالنے کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق فیروز آباد تھانے کی حدود پی ای سی ایچ سوسائٹی میں طارق روڈ پر واقع مدینہ مسجد کے باہر انتظامیہ کی جانب سے احتجاجی کیمپ لگا دیا گیا ہے۔

کل بعد نماز جمعہ احتجاج کی کال کے بینرز بھی لگا دیے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق بینرز پر درج کیا گیا ہے کہ 31 دسمبر کو نماز جمعہ کے بعد مدینہ مسجد سے بہادر آباد چورنگی تک احتجاجی ریلی بھی منعقد کی جائے گی۔

پولیس حکام کے مطابق احتجاج کے موقع پر ممکنہ گڑبڑ سے نمٹنے کیلئے پولیس کو الرٹ کردیا گیا ہے۔