منی بجٹ مہنگائی کا سیلاب لائے گا، پی ڈی ایم

December 31, 2021

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے حکومت کے پیش کردہ منی بجٹ کو مسترد کردیا۔

ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللّٰہ کا کہنا ہے کہ مِنی بجٹ آئی ایم ایف کے دباؤ اور ان کی شرائط پر پیش کیا گیا ہے۔ مِنی بجٹ ملک اور عوام کیلئے تباہی کا نسخہ اور مہنگائی کا خطرناک سیلاب ثابت ہوگا۔

ایک بیان میں حافظ حمد اللّٰہ کا کہنا تھا کہ منی بجٹ ملکی معیشت کو آئی ایم ایف کا غلام بنانے کی مستند دستاویز ہے۔

انہوں نے کہا کہ ثابت ہوگیا کہ عمران خان پاکستانی عوام کے نہیں آئی ایم ایف کے نمائندہ ہیں۔

حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ عوام کو یقین ہوگیا ہے کہ عمران خان الیکٹڈ نہیں سلیکٹڈ وزیر اعظم ہیں۔ منتخب وزیراعظم اتنی بے دردی سے اپنی عوام کا استحصال نہیں کرسکتا۔