بہتر ہوتا مری میں سیاحوں کو سنگین صورت حال سے آگاہ کیا جاتا، بلاول بھٹو

January 08, 2022


چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مری میں سیاحوں کے جاں بحق ہونے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ بہتر ہوتا کہ مری میں سیاحوں کو سنگین صورت حال سے آگاہ کیا جاتا۔

بلاول بھٹو نے مری میں جاں بحق ہونے والے سیاحوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

انہوں نے کہا کہ مری میں افسوس ناک سانحے پر پورا ملک سوگوار ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ انتظامیہ سیاحوں کی فی الفور مدد کے لیے ہنگامی اقدامات کرے۔

خیال رہے کہ رات سے 1 ہزار گاڑیاں مری کی شدید برف باری میں پھنسی ہوئی ہیں، ان پھنسی ہوئی گاڑیوں میں 21 افراد کی اموات ہوچکی ہیں۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کمشنر مری کے مطابق انتظامیہ کی انتھک کوششوں سے مری ایکسپریس وے اب کلیئر کر دی گئی ہے، صورتحال میں مسلسل بہتری ہو رہی ہے۔