انتظامیہ کے اہلکار سیلفی بنا رہے تھے، راجہ یاسر

January 08, 2022


مری ہوٹل ایسوسی ایشن کے سیکرٹری راجہ یاسر کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کے اہلکار سیلفی بنارہے تھے، پلاننگ ہوتی تو خراب موسم میں مری کی اموات سے بچا جاسکتا تھا۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ یاسر نے کہا کہ یہ مجرمانہ غفلت ہے، اس پر جوڈیشل کمیشن بنناچاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جب مری کو سیاحوں کیلیے بند کرنے کا اعلان ہوا تو لوگ آدھے راستے سے مڑنے لگے، حالاں کہ مری کے آدھے ہوٹل خالی پڑے تھے۔

واضح رہے کہ مری میں شدید برف باری اور ٹریفک جام میں پھنسے ہونے کی وجہ سے 21 اموات ہوگئی ہیں۔

برف باری ہونے کی وجہ سے لاکھوں افراد نے گزشتہ روز مری کا رخ کیا تھا، برف باری کی وجہ سے متعدد گاڑیاں سڑکوں پر پھنس گئیں اور ہزاروں سیاحوں نے گزشتہ رات سڑکوں پر گزاری۔