سانحۂ مری میں انتقال کرنیوالوں کی ویڈیوز شیئر کرنا بند کریں: حسن علی

January 09, 2022

فوٹو فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن نے سانحۂ مری پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے دردمندانہ اپیل کردی۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’سانحۂ مری میں انتقال کرجانے والے افراد کی میت کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنا بند کریں۔‘

حسن علی نے کہا کہ ’مری میں جو کچھ ہوا اسے روکا جا سکتا تھا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میرا دل ان خاندانوں کے ساتھ ہے جنہوں نے اپنی قیمتی جانیں ضائع کیں، اللّٰہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے۔‘

واضح رہے کہ ملکۂ کوہسار مری میں 7 جنوری کی رات کو آنے والے برفانی طوفان نے 22 زندگیاں نگل لیں۔

حکومت نے مری کو آفت زدہ قرار دے کر ایمرجنسی نافذ کردی جبکہ ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب رپورٹس کے مطابق شدید برف باری کی پیش گوئی سے متعلق 5 جنوری کو ہی الرٹ جاری کردیا گیا تھا لیکن انتظامیہ کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔

محکمہ موسمیات نے 6 اور 7 جنوری کو مری، گلیات، کاغان، سوات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری کی پیش گوئی کی تھی۔

رپورٹس کے مطابق محکمۂ موسمیات کے الرٹ میں سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔