وزیراعظم ہر حادثے پر متاثرین کو قصوروار کہتے ہیں، بلاول بھٹو

January 10, 2022

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جب سے تحریک انصاف کی حکومت آئی ہے وزیر اعظم اور سارے عہدیدار ہر حادثے پر متاثرین کو ہی قصور وار ٹھہراتے ہیں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جب چترال میں وزيراعظم کی فیملی ممبر برے موسم کی وجہ سے پھنس گئی تھیں، تو ان کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا گيا، فوج سے ہیلی کاپٹر منگوا کر ریسکیو کیا گيا، وہ بھی پاکستان کی شہری ہیں، ہر شہری کو بچانا چاہیے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم کے گھر سے دو گھنٹے دور مری میں سانحہ ہوا کسی کو تو نوٹس لینا چاہیے تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی وزیر نے کہا کہ لوگوں کو مری نہیں آنا چاہیے تھا، یہ وزیر ایک دن پہلے پاکستان کے عوام کو کہہ رہا تھا مری پہنچو۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب سے تحریک انصاف کی حکومت آئی ہے جب کوئی حادثہ ہوتا ہے، یہ متاثرین پر الزام لگادیتے ہیں، پوری اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ مری واقعے کی جوڈیشل انکوائری کی جائے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ نیا پاکستان تو مہنگا پاکستان بن گیا ہے، ہر چیز مہنگی ہوئی صرف عوام کا خون سستا ہوا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اپیل کرتے ہیں کہ اسپیکر حکومت وقت کو جوڈیشل کمیشن پر قائل کریں، مری واقعے کے وقت وزیراعلیٰ پنجاب تحریک انصاف کی میٹنگ میں مصروف تھے۔