کراچی میں کورونا بے لگام، SOPs کا کہیں نام و نشان نہیں

January 14, 2022


ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا وائرس بے لگام ہو گیا لیکن شہر بھر میں ایس او پیز کا کہیں نام و نشان نہیں ہے۔

کراچی کے شہری ماسک سے لاپرواہ نظر آ رہے ہیں ، وہیں حکومت کو بھی کوئی پرواہ نہیں ہے۔

وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا اس صورتِ حال کے حوالے کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن یا پابندیاں لگانے کا کوئی ارادہ نہیں، ملکی معیشت اس قابل نہیں ہے کہ پابندیاں لگائیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسپتالوں میں ابھی تک مریض بڑھنا شروع نہیں ہوئے، اس لیے کوئی پابندیاں نہیں لگا رہے۔

واضح رہے کہ شہرِ قائد میں کورونا کیسز کی شرح 28 اعشاریہ 8 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں کورونا کی تشخیص کے لیے 7 ہزار 226 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ 2 ہزار81 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کراچی کے علاوہ لاہور اور پشاور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کیسز کی شرح بالترتیب 9 اعشاریہ 63 فیصد اور 4 اعشاریہ 6 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

پاکستان بھر میں اب تک 28 ہزار 999 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 15 ہزار 834 ہو چکی ہے۔