نابلس میں فلسطینیوں کی مزاحمت میں شدت آگئی

January 16, 2022

مقبوضہ بیت المقدس ( نیوز ڈیسک) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں فلسطینیوں کی جانب سے مزاحمت میں شدت آگئی اور انہوں نے اسرائیلی فوج اور آبادکاروں پر پٹرول بم حملے شروع کردیے۔ خبررساں اداروں کے مطابق مزاحمت کاروں نے تفوح اور مجدالیم یہودی کالونیوں کے قریب آباد کاروں کے گاڑیوں پر سنگ باری کی ۔ اس دوران اسرائیلی فوج کے ساتھ مختلف مقامات پر جھڑپیں بھی ہوئیں ۔ قابض فوج نے مظاہرین پر ربڑ کی گولیاں اور آنسو گیس برسا کر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ فلسطینی ہلال احمر کے مطابق جھڑپوں کے دوران 20شہری زخمی ہوئے جن میں سے 4ربڑ کی گولیوں سے زخمی ہوئے۔ادھر نابلس ہی میں یہودی آباد کاروں کے ایک گروہ نے فلسطینی صحافیوں پر حملہ کیا۔ صحافیوں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ یہودی آباد کاروں کی انتقامی کارروائیوں کی تصاویر بنا رہے تھے۔ آباد کاروں اور اسرائیلی فوج کے حملے میں رام اللہ میں بیتن کے مقام پر 3فلسطینی صحافی زخمی ہوئے۔دوسری جانب اسرائیل کی دامون جیل میں زیر حراست 7فلسطینی خواتین کو کرونا کا شکار ہونے کی آڑ میں قید تنہائی میں ڈال دیا گیا۔ ان میں سے 3خواتین کا تعلق مقبوضہ بیت المقدس سے ہے۔