اچھی صحت کے لئے مناسب غذا اپنانی ہوگی، ڈاکٹر سہیل خان

April 26, 2024

دی ہیگ (راجہ فاروق حیدر) یہ بات حقیقت ہے کہ پاکستانیوں نے امریکہ یورپ مشرق وسطیٰ اور دیگر ممالک میں بے شمار شعبوں میں اپنی شب و روز محنت سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں ڈاکٹر سہیل خان عرصہ دراز سے مقیم ہیں موصوف نے ماہر غذائیت کی حیثیت سے ہالینڈ کے علاوہ یورپ بھر میں شہرت حاصل کی۔ انہوں نے نباتات صحت پر 3بڑی ضخیم کتابیں بھی لکھیں جس پر انہیں بڑے انعامات اور ایوارڈز سے نوازا گیا وہ دنیا کی متعدد تنظیموں جو غذایت کے حوالے سے کام کر رہی ہیں کے صرف ممبر ہی نہیں بلکہ لیڈنگ کردار ادا کر رہے ہیں۔ وہ پاکستان، نیدرلینڈز ، تائیون، چائنا اور امریکہ کی یونیورسٹیوں سے مختلف ڈگریاں حاصل کر چکے ہیں۔ ہیگ میں ان کا اپنا کلینک ہے جو وہ چلا رہے ہیں۔ گزشتہ روز انہوں نے جنگ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اچھی صحت اور بیماریوں سے محفوظ رہنے کے لئے ہمیں اپنی غذا مناسب مقدار اور ورزش کا خیال رکھنا ہوگا۔ انہوں نے راقم سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میری کامیابیوں میں میرے والدین کی محنت اور ان کی دعائیں شامل ہیں۔ڈاکٹر سہیل خان کی کتب کی نیدرلینڈ محکمہ صحت اور دیگر سرکاری شعبوں سے پذیرائی حاصل ہوئی ہے بلکہ ان کی کاوش کو سراہا گیاانسانیت کی خدمت ان کا ماٹو ہے پاکستان سے وہ عشق کی حد تک محبت کرتے ہیں اپنی کتابوں میں بھی سبز ہلالی پرچم کو نہیں بھولتے ۔