سینیٹ، جنوبی پنجاب صوبہ، ججز کی سینیارٹی پر تقرری کے بل پیش

January 18, 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سینیٹ میں جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کا دستور ترمیمی بل 2021، سپریم کورٹ میں ججز کی تعیناتی کیلئے سنیارٹی، سوموٹو پاور کے فیصلہ میں اپیل کا حق ، ہائیکورٹ کے ججز کی ریٹائرمنٹ کی عمرسپریم کورٹ کے ججز کے برابرکرنے کے حوالے سے دستور ترمیمی بل 2021، وفاقی دارالحکومت میں ضلعی انتظامیہ سے عدالتی اختیارات واپس لینے سے متعلق مجموعہ ضابطہ فوجداری (ترمیمی ) بل 2021ء اور گارڈینز اینڈ وارڈز ترمیمی بل 2022پیش کئے گئے جنہیں چیئرمین سینٹ نے مزید غور کیلئے متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھجوا دیا، پیر کو سینیٹر رانا محمود الحسن نے دستور میں مزید ترمیم کرنے کا بل دستور ترمیمی بل 2021کے آرٹیکلز 1،51،59، 106، 154،75الف ، 198اور 218کی ترمیم) پیش کیا،ترمیمی بل میں تجویز دی گئی ہے کہ بہاولپور اور جنوبی پنجاب کے نام سے نئے صوبے قائم کئے جائیں،بل پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتظامی بنیاد پر چھوٹے صوبے بنا دیئے جائیں ، یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہمارا مطالبہ صوبہ ہے سیکرٹریٹ نہیں، وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ ہم اس کی مخالفت نہیں کرتے ، فاروق ایچ نائیک نے دستور ترمیمی بل 2021آرٹیکلز 175الف، 181تا 184، 195تا 197اور 209کی ترمیم) پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ترامیم لائے ہیں ،سپریم کورٹ میں ہائی کورٹس کے ججز کی تعیناتی ، سینیارٹی کے حساب سے کی جائے، علی محمد خان نے کہا کہ وزارت ان ترامیم کی حمایت نہیں کرتی ،چیئرمین سینیٹ نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔