برصغیر کی فلموں کے ناموں میں شامل ’’مسٹر‘‘ کامیابی کی ضمانت بن گیا

April 26, 2024

کراچی (رپورٹ/اختر علی اختر)برصغیر کی فلموں کے ناموں میں شامل ’’مسٹر‘‘ کامیابی کی ضمانت بن گیا، سپر اسٹار امیتابھ بچن کی مسٹر نٹور لال، انیل کپور کی مسٹر انڈیا، اکشے کمار کی مسٹر اینڈ مسز کھلاڑی پسند کی گئی ، سری دیوی کی مسٹر بیچارہ ، شبانہ اعظمی کی مسٹر ایکس، عمر شریف کی مسٹر 420،اداکار محمد علی کی مسٹر ایکس مقبول ، معین اختر کی مسٹر تابعدار،شاہد کی مسٹر رانجھا ، علی اعجاز کی مسٹر افلاطون اور مسٹر اللہ دِتہ نے توجہ حاصل کی، مسٹر303 ، مسٹر ممی، مسٹر بُدھو، مسٹر کے ٹو، مسٹر چارلی، مسٹر فراڈیے اور مسٹر مجنوں بھی ریلیز کی گئیں۔ بِرصَغیرپاک وہند میں فلموں کے ناموں کو ہمیشہ سے ہی اہمیت حاصل رہی ہے، کچھ فلمیں تو ایسی ہیں، جن کی کامیابی میں ناموں نے کلیدی کردار ادا کیا ۔ پاک،بھارت میں ایک ہی نام سے کئی فلمیں بھی بنائی گئیں۔ آج ہم ایسی فلموں کا ذِکر کریں گے، جن کے ناموں میں ’’مسٹر‘‘ کا سابقہ لگا ہوا ہے۔ مسٹر سیریز فلموں کا آغاز 30اگست 1963ء کو شہنشاہ جذبات اداکار محمد علی کی جاسوسی فلم ’’مسٹر ایکس‘‘ سے ہوا، اس فلم میں محمد علی کے ساتھ اداکارہ ناصرہ، ادیب، کمال ایرانی اور نِرالہ نے بھی مختلف کردار ادا کیے تھے۔ اس فلم کے ہدایتکار ایس اے غفار تھے۔ پاکستان میں اس سلسلے میں سب سے زیادہ کامیابی عمر شریف کے حصے میں آئی، ان کی دو فلمیں مسٹر420اورمسٹر چارلی، نے گولڈن جوبلی منائی۔ دوسری جانب بالی وُڈ کے سپراسٹار امیتابھ بچن اور ریکھا کی سپرہٹ فلم ’’مسٹر نٹورلال‘‘ اور انیل کپور اور سری دیوی کی سپرہٹ فلم ’’مسٹر انڈیا‘‘ نے مقبولیت کے کئی ریکارڈ قائم کیے۔ ’’مسٹر تابعدار‘‘، 9دسمبر 1966ءکو پنجابی زبان کی یہ سوشل فلم ریلیز ہوئی، اس فلم میں رنگیلا، اکمل، عالیہ، الیاس کاشمیری اور اسلم پرویز نے نمایاں کردار ادا کیے۔’’مسٹر اللہ دِتہ‘‘، 24جنوری 1966ءکو عیدالفطر کے موقع پرریلیز ہونے والی اس فلم میں اداکارہ نیلو،اسد بخاری، علاؤالدین اور زمرد نے مختلف کردار نبھائے۔ ’’مسٹر420‘‘، 7اگست 1970ء کو ریلیز ہونے والی اس اردو ایکشن فلم میں خُوبصورت اداکارہ رانی، اقبال یوسف، روزینہ اور نِرالہ نے لاجواب اداکاری کا مظاہرہ کیا۔’’مسٹر303 ‘‘، معروف ہدایتکار اسلم ڈار کی یہ فلم 19فروری 1971ء کو سینما گھروں کی زینت بنی۔ فلم میں رانی، نصراللہ بٹ، سلطان راہی، رنگیلا اور مظفر ادیب نے عمدہ پرفارمنس دی ۔ ’’مسٹر رانجھا‘‘، 27اپریل 1979ءکو ریلیز ہونے والی اس مزاحیہ فلم میں اداکار شاہد، رانی، ننھا،اسلم پرویز اور بِندیا نے کام کیا۔ اس فلم کے ہدایتکار جان محمد جُمن تھے۔ ’’مسٹر افلاطون‘‘، 17اپریل1981ء کو ریلیز ہونے والی اس فلم میں ماضی کی خُوبصورت اداکارہ ممتاز،علی اعجاز،رنگیلا اور مصطفٰی قریشی نے عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ ’’مسٹر بُدھو‘‘ 5جنوری 1973ءکو ریلیز ہونے والی اس مزاحیہ فلم میں اداکار رنگیلا، دیبا،صائقہ،قوی خان اور ادیب نے مرکزی کردار نبھائے۔’’دوسری مرتبہ بنائی گئی فلم’’ مسٹر 420‘‘،12مئی 1992ء کو ریلیز ہوئی، اس مزاحیہ فلم میں اداکار عمر شریف، شکیلہ قریشی، روبی نیازی، مدیحہ شاہ اور نِشو وغیرہ نے اہم کردار ادا کیے۔ ’’مسٹر 420‘‘ نے نہ صرف گولڈن جوبلی منائی، بلکہ اس فلم نے6 نگار ایوارڈز بھی حاصل کیے۔ ’’مسٹر چارلی‘‘ 25مارچ 1993ء کوریلیز ہونے والی اس فلم میں عمر شریف، شکیلہ قریشی، افضال احمد اور دیبا نے لاجواب اداکاری کی۔ ’’مسٹر تابعدار‘‘ 22اکتوبر1993ءکو سینما گھروں میں ریلیز کی گئی، اس فلم میں پاکستان کے لیجنڈری فنکار معین اختر، مدیحہ شاہ، صبیحہ خانم،نرگس اور دیبا نے مختلف کرداروں میں حقیقت کا رنگ بھرا۔ ’’مسٹر کے ٹو‘‘، 3مارچ 1995ء کو عیدالفطر کے موقع پر ہدایتکار فرقان حیدر کی یہ مزاحیہ فلم ریلیز کی گئی۔ فلم میں نامور اداکار معین اختر، روبی نیازی، شفیع محمد، سیما رضوی، سدرہ خان اور دیگر فنکاروں نے عمدہ کام کیا۔ ’’مسٹر فراڈیے‘‘،ہدایت کار ظہور حسین گیلانی کی یہ فلم 2000ء میں ریلیز کی گئی، فلم کی کاسٹ میں اداکار شان، ثناء،سعود،میرا،ارباز خان اور دیگر فنکار شامل تھے۔ اب ہم بالی وُڈ کی فلموں کی جانب چلتے ہیں۔ ’’مسٹر انڈیا‘‘، سپراسٹار انیل کپور اور سِری دیوی کی یہ فلم 25مئی 1987ءکو سینما گھروں کی زینت بنی ۔ امریش پُوری کواس فلم میں ’’موگیمبو‘‘ کے کردار سے دُنیا بھر میں شہرت ملی۔’’مسٹر مجنوں‘‘، یہ فلم 2020ءمیں ریلیز کی گئی ۔’’مسٹر یا مِس‘‘،ریتیش دیش مُکھ کی یہ مزاحیہ فلم 2005ء میں ریلیز ہوئیں۔’’مسٹر اینڈ مسز کھلاڑی‘‘، 9اکتوبر 1997ءکو سینما گھروں میں ریلیز کی گئی، اس فلم میں خُوبصورت اداکارہ جوہی چاؤلہ، اکشے کمار، پاریش راول اور قادر خان نے دلچسپ کردار ادا کیے۔