ملالہ پر دنیا بھر سے تنقید، انکے آبائی علاقے کے لوگوں کا شدید ردعمل

April 26, 2024

اسلام آباد(فاروق اقدس)امن کی نوبل یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی کو ہیلری کلنٹن کے ساتھ ایک پروڈکشن پر کام کرنے پر جہاں سوشل میڈیا پر دنیا بھر سے سخت تنقید کا سامناہے وہیں پاکستان اور بالخصوص ان کے آبائی علاقے سوات اورعلاقے کے لوگوں کی طرف سے بھی شدید ردعمل کا مظاہرہ دیکھنے میں آ رہا ہے جس کے بعد ملالہ نے اسرائیل کی غزہ میں جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے وضاحتی بیان جاری کردیا۔

ملالہ نے کہا ہے کہ ’ہم مزید لاشیں، اسکولوں پر بمباری اور بھوک سے تڑپتے بچوں کو نہیں دیکھ سکتے۔

2014 میں امن کا نوبل انعام جیتنے والی ملالہ یوسف زئی کو سوشل میڈیا صارفین نے اس وقت کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا جب ایک امریکی اخبار نے ملالہ کی امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کے ساتھ ایک پروڈکشن پر کام کرنے کی خبر شائع کی تھی۔

سوشل میڈیا صارفین کا الزام تھا کہ ملالہ ایسی خاتون کے ساتھ کام کررہی ہیں جو غزہ میں نسل کشی میں ملوث ہیں۔

یاد رہے کہ ایک موقع پر سابق امریکی وز یر خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا تھا کہ غزہ میں جنگ بندی ممکن نہیں ہے، کوئی بھی جنگ بندی حماس کے لیے تحفہ ثابت ہوگی۔

ملالہ کی جانب سے ہیلری کلنٹن کے پروجیکٹ کا حصہ بننے پر کئی نامور شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔