ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر میں نام آنے پر فواد عالم نے کیا کہا؟

January 21, 2022

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر میں شامل قومی کرکٹر فواد عالم یہ اعزاز ملنے پر خوشی سے نہال ہیں۔

فواد عالم نے ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر میں انتخاب کے بعد ایک پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ’الحمدللہ! ایسے اعلیٰ درجے کے کرکٹرز کی اس شاندار ٹیم میں نام آنا اعزاز کی بات ہے۔‘

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ ’پاکستان زندہ باد‘ بھی لکھا۔

خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی فواد عالم، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کا نام آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر میں شامل کیا گیا ہے۔

فواد عالم نے 2020میں 11برس بعد ٹیسٹ ٹیم میں اپنی جگہ بنائی تھی، انہوں نے 2021 میں 57کی اوسط سے 571رنز بنائے جس میں تین سنچریاں شامل تھیں۔

دوسری جانب پاکستان کے دو فاسٹ بولرز شاہین آفریدی اور حسن علی نے بھی بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا ہے۔

2021میں ٹیسٹ میچوں میں شاہین آفریدی نے 17کی اوسط سے 47وکٹیں حاصل کیں جبکہ حسن علی نے16کی اوسط سے41وکٹیں حاصل کی ہیں۔