داؤد انجینئرنگ کا داخلہ ٹیسٹ، نجی بورڈز کی کارکردگی سرکاری سے بہتر

January 27, 2022

کراچی (سید محمد عسکری) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے بیچلرز پروگرامز میں داخلہ ٹیسٹ برائے سال 2022ء میں ملک بھر کے سرکاری اور نجی بورڈز کی کارکردگی سامنےآگئی ہے۔ سندھ کے سرکاری بورڈز میں انٹر بورڈکراچی کے طلبہ کی کارکردگی بہتررہی تاہم لاڑکانہ ، سکھر ، حیدر آباد ، میرپور خاص بورڈز اور سندھ ٹیکنیکل بورڈ کے طلباءکی کامیابی کا تناسب کم رہا۔ کیمبرج اور آغا خان بورڈ کے طلباء کی کامیابی کا تناسب بالترتیب 93 فیصد اور 86فیصد رہا۔ تفصیلات کےمطابق داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی میں سال 2022ء کیلئے بیچلرز آف انجینئرنگ ، بیچلرز آف آرکیٹیکٹ اور بیچلرز آف سائنس برائے مصنوعی ذہانت اور سائبر سیکورٹی کے داخلے ٹیسٹ میں 5064؍ طلباء نے شرکت کی جس میںکامیابی کا تناسب 87؍ فیصد رہا ۔ٹیسٹ میں کامیابی کیلئے 20فیصد نمبرز لانالازمی تھے جبکہ ٹیسٹ میں 10غلط جوابات پر ایک نمبر کٹوتی کی پالیسی اپنائی گئی تھی۔ سب سے بہتر کارکردگی کیمبرج بورڈ کی رہی جس کے 100؍ امیدواروں میں سے 93؍ امیدوار کامیاب ہوئے ، فیڈرل بورڈ 90؍ امیدواروں میں سے 89؍ امیدوار کامیاب ہوئے اور ٹیسٹ کا نتیجہ 87.77؍ فیصدرہا ، آغا خان بورڈ کے 15امیدواروں میں سے 13امیدوار کامیاب ہوئے اور وہ 86.66؍ فیصد کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا۔ضیاء الدین امتحانی بورڈ کی کارکردگی بھی بہتر رہی اس کے 113؍ امیدواروں نے ٹیسٹ دیا اور صرف18 امیدوار ناکام رہے اور اس طرح کامیابی کا نتیجہ 84.07؍فیصد رہا ۔ انٹر بورڈ لاڑکانہ کے 202؍ امیدوار ٹیسٹ میںشریک ہوئے اور 42ناکام رہے اور کامیاب امیدواروںکا تناسب 79.20؍ فیصد رہا، سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے121؍ امیدواروں میں سے 76.85؍ طلباء کامیاب رہے ۔ حیدرآباد کے انٹرمیڈیٹ بورڈ سے 383؍ طلباء نے ٹیسٹ دیا اور 292؍ کامیاب ہوئے اس طرح کامیاب کا تناسب 72.24؍ فیصد رہا۔ میرپور خاص بورڈ کے 314؍ امیدواروں میں سے 77؍ امیدوار فیل ہوگئے اور 75.47؍ فیصد امیدوار پاس ہوئے۔ سکھر بورڈ کے امیدواروں کا تناسب سب سےکم رہا ، سکھر بورڈ 297؍ امیدواروں میں سے 104فیل ہوگئے اور کامیابی کانتیجہ 64.98؍ رہا۔ داخلہ ٹیسٹ میں کوئٹہ انٹر بورڈ کے 5، خیبرپختونخوا بورڈ کا ایک ، گلگت بلتستان بورڈ کے 12، میرپور آزاد کشمیر بورڈ کے 16، ایبٹ آباد بورڈ کے 3، پشاور بورڈ کا ایک ، ملاکنڈ بورڈ اور پنجاب بورڈ کا ایک ،ایک امیدوار کامیاب رہے ۔ مردان بورڈ اور سوات کے انٹر بورڈ کا کوئی امیدوار ٹیسٹ میں پاس نہیں ہوا۔