پاول کی سنچری، ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو 20 رنز سے ہرادیا

January 27, 2022

فوٹو: سوشل میڈیا

ویسٹ انڈیز نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انگلینڈ کو 20 رنز سے ہرا دیا، رومین پاول نے شاندار سنچری اسکور کی، سیریز میں ہوم ٹیم کو 1-2 کی برتری حاصل ہوگئی۔

برج ٹاؤن میں سیریز کے تیسرے میچ میں ہوم ٹیم کا آغاز تو اچھا نہ ہوا، اوپنرز 48 رنز پر پویلین لوٹ گئے، لیکن ایسے میں نکولس پورن اور رومین پاول نے شاندار بیٹنگ کی۔

دونوں نے 122 رنز کی شراکت بنائی، پورن 70 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، پاول نے صرف 53 گیندوں 107 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز کا اسکور 5 وکٹ پر 224 رنز رہا۔

جواب میں انگلینڈ کے ٹام بینٹن اور فل سالٹ کے علاوہ کوئی بیٹر ہوم ٹیم کے بولرز کا جم کے مقابلہ نہ کر سکا۔

بینٹن نے 73 اور فل سالٹ نے 57 رنز بنائے، جبکہ مہمان ٹیم 9 وکٹ پر 204 رنز بنا سکی۔

ویسٹ انڈیز نے 20 رنز کی فتح کے ساتھ 5 میچز کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کر لی۔